امید ہے عمران کو کیسز میں ریلیف ملے گا:بیرسٹر گوہر
نیب متنازعہ اورسیاسی انجینئرنگ کیلئے استعمال ہوتا رہا :چیئرمین پی ٹی آئی محمود اچکزئی کو مذاکرات کا اختیار دیا ہواہے لیکن وہ کس سے کریں : گفتگو
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ امید ہے عمران خان کو کیسز میں ریلیف ملے گا۔ اب بھی شکر گزار ہیں کہ عدالت میں ان کے کیس لگ رہے ہیں، نیب متنازعہ رہا ہے اور سیاسی انجینئرنگ کیلئے استعمال ہوتا رہا ہے ۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ کرپشن کے خلاف ایک ادارہ ضرور ہونا چاہیے ، جس ادارے کے سربراہ کو حکومت، اپوزیشن نے مل کر لگایا اس کو ایکسٹینشن دینا غلط ہے ۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پہلے کہا گیا 50 کروڑ سے کم کے کیسز نہیں بنیں گے ، دنیا میں کبھی ایسے قانون سازی نہیں ہوئی، سارے اداروں سے لوگوں کا اعتماد اٹھ چکا ، چیئرمین نیب کی آج مدت پوری ہوئی اور سینیٹ سے قانون پاس کرلیا گیا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان نے بات چیت کرنے کا کہا اور محمود اچکزئی کو مذاکرات کا اختیار دیا ہوا ہے لیکن وہ مذاکرات کس سے کریں ، قاضی فائز عیسیٰ سے متعلق بنائی گئی ڈاکیومینٹری درست نہیں ۔