گورنر پنجاب کی ایرانی قونصلیٹ آمد، خامنہ ای کی شہادت پر تعزیت
عالم اسلام عظیم رہنما سے محروم ہوگیا ،ایرانی عوام کے دکھ میں شریک ہیں اسرائیل دنیا کیلئے فتنہ سے کم نہیں :ایرانی قونصل جنرل موحدفر سے گفتگو
لاہور (سپیشل رپورٹر )گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان گزشتہ روزایرانی قونصلیٹ لاہور گئے جہاں اُنہوں نے ایرانی قونصل جنرل مہران موحد فر سے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور ایرانی قیادت کی شہادت پر اظہار تعزیت کیا۔ پارلیمانی لیڈرپنجاب اسمبلی سید علی حیدر گیلانی بھی گورنر پنجاب کے ہمراہ تھے ۔گورنر سلیم حیدر نے وہاں پر کتاب میں اپنا تعزیتی پیغام بھی لکھا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر سلیم حیدرنے کہا کہ پاکستان کا ایران کے ساتھ نہ ٹوٹنے والا برادرانہ رشتہ ہے ، سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر پاکستانی قوم سوگوار اورایرانی عوام کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ خامنہ ای کی شہادت امت مسلمہ کیلئے بہت بڑا المیہ ہے ، اسلامی ممالک میں اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے ،خامنہ ای کی شہادت سے عالم اسلام ایک عظیم رہنما سے محروم ہوگیا ہے ، انکی اتحاد بین المسلمین کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ اسرائیل دنیا کیلئے ایک فتنہ سے کم نہیں جو پہلے بھی مسلم ممالک کے خلاف جارحیت کرتا رہا ہے اور اب ایر ان پر چڑھائی کر دی ہے ۔پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی علی حیدر گیلانی نے کہا کہ ایرانی قوم کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔دعا ہے ایران میں جلد امن قائم ہو اور ایرانی عوام کی مشکلات حل ہوں۔اس موقع پر شہید سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کیلئے فاتحہ خوانی بھی گئی۔