او جی ڈی سی ایل کی حکمت عملی، مقامی پیداوار بڑھانے پر توجہ
خام تیل پیداوار میں بھی اضافے کیلئے یومیہ 40 ہزار بیرل حاصل کرنیکی کوشش توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے مقامی وسائل کا استعمال موثر، اسٹرٹیجک اقدام،ماہرین
کراچی (این این آئی) مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے تناظر میں پاکستان توانائی کے شعبے میں خودمختاری حاصل کرنے کیلئے مقامی وسائل کے استعمال اور پیداوار میں اضافے کی حکمت عمل پر عمل پیرا ہے ۔ اس سلسلے میں پاکستان کی آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل)مقامی سطح پر تیل و گیس کی پیداوار بڑھانے کیلئے سرگرم اقدامات کر رہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق او جی ڈی سی ایل نے قدرتی گیس کی پیداوار میں 5 فیصد اضافے کے ساتھ یومیہ 865 ملین مکعب فٹ گیس پیدا کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے ، جبکہ خام تیل کی پیداوار میں بھی 14 فیصد اضافے کیلئے یومیہ 40 ہزار بیرل پیداوار حاصل کرنے کی کوشش جاری ہے ۔
ماہرین کے مطابق عالمی توانائی بحران کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کیلئے مقامی وسائل کا استعمال اور قومی آئل کمپنیوں کے ذریعے ان کی ترقی ایک موثر اور اسٹرٹیجک اقدام ہے ۔ اس حوالے سے او جی ڈی سی ایل عالمی بحران کے مقابلے کیلئے مقامی وسائل سے متبادل توانائی ذرائع تلاش کرنے پر بھی کام کر رہی ہے ۔ ماہر شعبہ توانائی محمد عارف کے مطابق موجودہ معاشی حالات میں قومی آئل کمپنیوں پر بڑھتا ہوا انحصار نہ صرف تیل و گیس کی درآمدات میں کمی لانے میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ توانائی کے شعبے کو مزید مستحکم بھی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی آئل کمپنیوں کی جانب سے مقامی دریافتیں توانائی کے شعبے کیلئے مثبت پیشرفت ہیں۔ادھر حکومت پاکستان اور اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی)بھی توانائی کے شعبے کی ترقی اور مستحکم معیشت کیلئے فعال اقدامات کر رہے ہیں تاکہ ملک کو توانائی کے معاملے میں زیادہ سے زیادہ خود کفیل بنایا جا سکے ۔