موجودہ حالات میں دفاعی بجٹ ضرور بڑھانا چاہیے : خواجہ آصف
یورپی ممالک امریکا و اسرائیل کا ساتھ دینے سے گریزاں ، یہ پاپولر جنگ نہیں
اسلام آباد (آئی این پی) وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ خطے میں جنگ ہے، پاکستان بھی جنگ لڑ رہا ہے ، موجودہ حالات میں دفاعی بجٹ ضرور بڑھانا چاہیے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ امریکا ایران جنگ روکنے کی کوششیں بھی ہو رہی ہیں ، یورپی ممالک امریکا اور اسرائیل کا ساتھ دینے سے گریز کر رہے ہیں ، یہ پاپولر جنگ نہیں ہے۔ آبنائے ہرمز سے دنیا کا 20 فیصد تیل گزرتا ہے ، بندش سے پیدا ہونے والی قلت سے عالمی سطح پر معیشت متاثر ہوگی۔
اس سے قبل وزیردفاع خواجہ آصف نے کہاکہ بھارت نے ہمارے ساتھ براہ راست جنگ کرکے دیکھ لی، پاکستان نے اپنے سے 5گنا بڑے دشمن کودھول چٹائی، بھارت ہر اس صورتحال سے فائدہ اٹھاتاہے جس سے پاکستان کا نقصان ہو۔ افغانستان سے پاکستان میں حملے ہوتے ہیں، فتنہ الخوارج کو نہیں چھوڑیں گے ، افغانی قابل اعتماد لوگ نہیں ہیں ،افغانستان نے ہمیشہ دہشتگردوں کی پشت پناہی کی، اگر افغانستان کی حمایت نہ ہوتی تو یہ دہشتگرد گروہ کب کے ختم ہو چکے ہوتے ، موجودہ صورتحال کو منطقی انجام تک پہنچانا ضروری ہے ۔