مختلف شہروں میں بارش، شانگلہ میں آسمانی بجلی گرنے 3جا ں بحق
خطہ پوٹھوہار،خیبرپختونخوا ،جی بی ، کشمیر میں آج بھی بارش، ژالہ باری متوقع
مری ، اسلام آباد ،شانگلہ،لاہور (نمائندہ دنیا ،نیوز ایجنسیاں )محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران جڑواں شہروں ، خطہ پوٹھوہار،خیبرپختونخوا ،گلگت بلتستان اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے ،گزشتہ روز اسلام آباد، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، خطہ پوٹھوہار، لاہور سمیت پنجاب کے بعض علاقوں میں با رش ہوئی ۔ مری اور گردونواح میں گزشتہ روز بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ شروع ہوا جو رات گئے تک جاری رہا جس سے ملکہ کو ہسار میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے ۔ادھر شانگلہ میں طوفانی بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے ایک ہی خاندان کے 3 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 3 کمسن بچے معجزانہ طور پر محفوظ رہے ۔ الپوری کے نواحی علاقے آچر میں رہائشی مکان پر آسمانی بجلی گری ،یارمحمد، اہلیہ تاج بی بی اور بیٹا مرادعلی دم توڑ گئے ، کئی گھنٹے موسلادھاربارش جاری رہی ،لینڈ سلائیڈنگ سے رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں اور بجلی،مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا۔ دریں اثنا محکمہ موسمیات نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ایران میں جنگ کے سبب ہواؤں سے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مغربی حصوں میں آلودہ ذرات پہنچ سکتے ہیں جن سے وہاں فضائی معیار متاثرہونے کا خدشہ ہے ۔