پنجاب کی بیٹی ہمت کرے تو دنیا کو حیران کرسکتی : مریم نواز
حرم نے بھارتی مرد کھلاڑی کا ریکارڈ توڑ کر پاکستانی پرچم بلندکیا نوجوانوں کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہے ہیں :وزیراعلیٰ
لاہور(دنیانیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گورنمنٹ کالج برائے خواتین سیٹلائٹ ٹاؤن گوجرانوالہ کی ایتھلیٹ طالبہ حرم ریحان کو بھارتی ریکارڈ توڑنے پر شاباش دی اورکہاکہ پاکستانی ایتھلیٹ نے ثابت کیاکہ پنجاب کی بیٹی ہمت کرے تو دنیا کو حیران کرسکتی ہے ۔مریم نواز کاکہناتھاکہ حرم ریحان نے 6سال بعد بھارتی مرد کھلاڑی کا ریکارڈ توڑ کر پاکستانی پرچم بلند کیا،پنجاب کی بیٹی اب تنہا نہیں، ہر بیٹی کے ساتھ ہوں اور رہوں گی، ایتھلیٹ حرم ریحان بیٹیوں کیلئے مشعلِ راہ ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ ماں جیسی ریاست ساتھ ہے، اب ہمارے نوجوان کسی بھی چوٹی کو سر کر سکتے ہیں،حکومت پنجاب نوجوانوں کے خواب پورے کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔واضح رہے حرم ریحان نے ایک منٹ میں گھٹنے کے ساتھ 143 مرتبہ knee strike کر کے عالمی ریکارڈ قائم کرکے اپنانام گنیزبک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کرایاہے ۔مریم نواز نے لکی مروت اور دیگر علاقوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر اظہار تشکر کیااورسکیورٹی اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعلیٰ نے لاہور میں ڈور پھرنے سے پولیس اہلکار کے زخمی ہونے کا نوٹس لے لیا اورپتنگ بازی پر پابندی یقینی بنانے کا حکم دیاہے ۔ان کاکہناتھاکہ پتنگ بازی کو خونیں کھیل میں بدلنا انتہائی افسوسناک امر ہے۔