اشیا خورونوش کا وافر ذخیرہ موجود،خلیجی ممالک کو برآمد کیلئے اقدامات کریں:وزیراعظم

اشیا خورونوش کا وافر ذخیرہ موجود،خلیجی ممالک  کو برآمد کیلئے اقدامات کریں:وزیراعظم

طلب و رسد کی نگرانی اور اشیا کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے ، روزانہ جائزہ کیلئے کمیٹی بنائیں:شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں سفرا اور ٹریڈ افسروں کو متحرک رہنے کی ہدایت کفایت شعاری و بچت کیلئے وزیراعظم آسٹیریٹی فنڈ قائم، وفاقی وصوبائی رقوم منتقل ہونگی ، فنڈ میں رقوم کی منتقلی کا طریقہ کار طے کرنے کیلئے سیکرٹری خزانہ کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی قائم

 اسلام آباد (نامہ نگار،نیوزایجنسیاں )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی غذائی ضروریات کو متاثر کئے بغیر وافر مقدار میں موجود اشیا خورونوش کی خلیجی ممالک کو برآمد کیلئے جامع لائحہ عمل تشکیل دیا جائے اور ملکی غذائی ضروریات کیلئے طلب و رسد کی مکمل نگرانی کی جائے ۔خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر ملک میں غذائی صورتحال اور وافر اشیا کی برآمدات سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عالمی سپلائی چینز متاثر ہونے کے باعث خطے میں پاکستانی مصنوعات کی برآمد کی استعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ موجودہ صورتحال میں خلیجی ممالک کو درکار اشیا خورونوش کی فراہمی کے ساتھ ان کے غذائی تحفظ کو بھی مدنظر رکھا جائے اور برآمد کی جانے والی اشیا کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ پی این ایس سی بحری راستے کے ذریعے برادر خلیجی ممالک کو اشیائے خورونوش برآمد کرنے کیلئے ضروری اقدامات کرے ۔اجلاس کو ملک میں موجود اشیائے خورونوش کے ذخائر اور پیداوار کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ پاکستان میں اشیا خورونوش کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور کسی بھی چیز کی قلت نہیں۔ پاکستان کے زرعی شعبے بشمول زرعی اجناس، گوشت، پولٹری، ڈیری اور سی فوڈ میں برآمدات کی وسیع استعداد موجود ہے ۔وزیراعظم نے اس حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دینے اور برادر خلیجی ممالک میں تعینات سفرا اور ٹریڈ افسروں کو متحرک رہنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء جام کمال خان، رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ 

اسلام آباد (ایس ایم زمان)وفاقی حکومت نے وزیراعظم کفایت شعاری و بچت فنڈ 2026 قائم کر دیا ہے ۔ وزیراعظم کی کفایت شعاری پالیسی کے تحت وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے حاصل ہونے والی بچت کی رقوم اس فنڈ میں منتقل کی جائیں گی۔حکومت نے  کفایت شعاری اقدامات سے حاصل ہونے والی بچت کو فنڈ میں منتقل کرنے کیلئے وفاقی سیکرٹری خزانہ کی سربراہی میں ایک ذیلی کمیٹی قائم کر دی ۔ یہ کمیٹی کفایت شعاری اور اضافی مالی نظم و ضبط کے اقدامات سے حاصل ہونے والی بچت کو صوبائی حکومتوں کے اکاؤنٹس سے وزیراعظم کے قائم کردہ پرائم منسٹرز آسٹیریٹی فنڈ 2026 میں منتقل کرنے کا طریقہ کار طے کرے گی۔

ذرائع کے مطابق ذیلی کمیٹی اپنی سفارشات کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کرے گی۔ یہ فنڈ پبلک فنانس مینجمنٹ ایکٹ 2019 کی دفعہ 32 کے تحت پبلک اکاؤنٹ میں قائم کیا گیا ہے جہاں کفایت شعاری اقدامات سے حاصل ہونے والی بچت جمع کی جائے گی۔کمیٹی کا مقصد ایک مؤثر اور شفاف نظام وضع کرنا ہے تاکہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مالی بچت کی منتقلی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے ۔ کمیٹی کے کنوینئر سیکرٹری فنانس ڈویژن ہوں گے جبکہ تمام صوبوں اور خطوں کے فنانس سیکرٹریز اس کے رکن ہوں گے ۔کمیٹی کے ارکان میں پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے فنانس سیکرٹریز شامل ہیں۔ یہ کمیٹی کفایت شعاری پالیسی کے تحت حاصل ہونے والی بچت کو منظم انداز میں وزیراعظم کے آسٹیریٹی فنڈ میں منتقل کرنے کیلئے عملی طریقہ کار تیار کرے گی تاکہ قومی سطح پر مالی نظم و ضبط کو مضبوط بنایا جا سکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں