جنگ کے حالات ہیں:آصف زرداری:سیاستدانوں کو ایک پیج پر ہونا چاہئے:بلاول بھٹو

جنگ  کے  حالات  ہیں:آصف  زرداری:سیاستدانوں  کو  ایک  پیج  پر  ہونا  چاہئے:بلاول  بھٹو

بھٹو اور بے نظیر کا مشن آگے لے کر بڑھ رہے ،ارکان اسمبلی عوام کو ریلیف دیں،صدر مملکت،مراد شاہ پر اعتماد کا اظہار میئرسے مطمئن ،ہم آگ لگانے نہیں بجھانے والے ،سانحہ گل پلازہ کا مقابلہ کرنیوالوں پر تنقید ناقابل فہم،چیئرمین پی پی

کراچی (سٹاف رپورٹر) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلاول ہاوَس میں ہوا، جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری، خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری اور پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور بھی شریک ہوئے ۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ، پی پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو سمیت تمام اراکین کابینہ اور پی پی پی اراکین سندھ اسمبلی شریک ہوئے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جنگ کے حالات ہیں، ہمیں متحد رہنے کی ضرورت ہے ۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور ان کی کابینہ پر اعتماد کا اظہار کیا اور وزیراعلیٰ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ اور آپ کی ٹیم بہت اچھا کام کررہی ہے اور اپنے اچھے کاموں کے تسلسل کو جاری رکھیں۔

آصف زرداری نے اراکین سندھ اسمبلی کو ہدایات دیں کہ وہ عوام کی خدمت کے سلسلے کو جاری رکھیں اور مشکل حالات میں بھی عوام کو جتنا ممکن ہوسکے ریلیف دیا جائے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس وقت دنیا میں جنگ کے حالات ہیں اور ان حالات میں تمام سیاست دانوں کو ایک پیج پر ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کی کارکردگی سے خوش ہوں اور مسائل کے باوجود سندھ کے وزیراعلیٰ جس انداز میں صوبے کا مقدمہ لڑتے ہیں وہ قابل تعریف ہے ۔ انہوں نے سانحہ گل پلازہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم آگ لگانے والے نہیں بلکہ آگ بجھانے والوں میں سے ہیں، سانحے کا مقابلہ کرنے والوں پر تنقید ناقابل فہم ہے ۔ انہوں نے کہا میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اس لئے ناقابل برداشت ہیں کیونکہ کچھ لوگ سندھ کے دارالحکومت میں جیالا میئر نہیں چاہتے ۔ انہوں نے کہا میں میئر مرتضیٰ وہاب کی کارکردگی سے مطمئن ہوں، جلد کراچی میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا سندھ حکومت اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن پروپیگنڈے کا جواب اپنی کارکردگی سے دے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں