نو شہر و فیروز:شالیمار ایکسپریس کو حادثہ،ایک شخص جاں بحق،13افراد زخمی
کراچی سے لاہور آنیوالی ٹرین لاکھا ریلوے سٹیشن پر کھڑی مال گاڑی سے جا ٹکرائی ،انجن اور2بوگیاں تباہ زخمی ہسپتال منتقل، ٹرین ڈرائیور اور اسسٹنٹ معجزانہ محفوظ ، ٹریک عارضی طور پر بند ،تحقیقات شروع
نوشہرو فیروز،سکھر (نمائندگان دنیا،مانیٹرنگ ڈیسک ) کراچی سے لاہور آنے والی 27 اپ شالیمار ایکسپریس سندھ کے شہر نوشہرو فیروز میں ریلوے سٹیشن پر کھڑی مال گاڑی سے جا ٹکرائی ،ایک شخص جاں بحق، 13افراد زخمی ہو گئے جبکہ انجن سمیت 2بوگیاں تباہ ہوگئیں،مسافروں میں بھگدڑ مچ گئی ۔تفصیلات کے مطابق کراچی سے لاہور کیلئے روانہ ہونیوالی 27 اپ شالیمار ایکسپریس نوشہرو فیروز میں لاکھا روڈ سٹیشن پر ایک کھڑی مال گاڑی سے ٹکرائی جس کے نتیجہ میں ایک شخص جاں بحق اور 13افراد زخمی ہو گئے ،حادثہ میں شالیمار ایکسپریس کا انجن اور 2بوگیاں تباہ ، متعدد بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں ، تیز رفتارشالیمار ایکسپریس کا انجن مال گاڑی کے ڈبوں میں دھنس گیا۔ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حادثہ ممکنہ طور پر پوائنٹ یا کانٹے کے مسئلے کے باعث پیش آیا ،تصادم کے نتیجے میں ٹرین ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور معجزانہ طور پر محفوظ رہے ، اطلاع ملتے ہی انتظامیہ اور پولیس جائے وقوع پہنچ گئی ۔ابتدائی معلومات کے مطابق مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو نکالا۔بعدازاں ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا،ریلوے ٹریک کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ۔ ریلوے حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ علاوہ ازیں شالیمار ایکسپریس کو حادثے کے بعد ہزارہ ایکسپریس کو پڈعیدن ریلوے سٹیشن پر روک دیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شالیمار ایکسپریس کا حادثہ ممکنہ طور پر تخریب کاری بھی ہوسکتا ہے ۔