مسلم امہ کو باہمی اتحادواتفاق سے امریکی جارحیت کا مقابلہ کرنا ہوگا:فضل الرحمٰن
سراج الحق کی امیر جے یو آئی سے ملاقات، مہنگائی پر تشویش، ایران پر اسرائیلی و امریکی حملوں کی مذمت فلسطین ،بیت المقدس کے مسئلے پر امت مسلمہ کو متحد ہوکر ان کے حقوق کیلئے مؤثر آواز اٹھانا ہوگی ، گفتگو
اسلام آباد ( آن لائن ) سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اسلام آباد میں سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الر حمن کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی، جس میں ملکی اور بین الاقوامی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ملاقات کے دوران خطے میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے ملک میں بڑھتی مہنگائی ، عوام کی مشکلات پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کیا ،اس موقع پر امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کی شدید مذمت کی گئی اور اسے خطے کے امن کے لئے خطرہ قرار دیا گیا ،مولانا فضل الر حمن نے کہا کہ مسلم امہ کو باہمی اتحاد و اتفاق کے ذریعے امریکی جارحیت کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ فلسطین اور بیت المقدس کے مسئلے پر امت مسلمہ کو متحد ہونا ہوگا تاکہ فلسطینی عوام کے حقوق کے لئے مؤثر آواز اٹھائی جا سکے ۔