52کروڑ،35لاکھ سے 42سکیورٹی گاڑیاں خریدی جائینگی
پنجاب کابینہ نے محکمہ خزانہ کا اعتراض مسترد کر کے خریداری کی منظوری دیدی نائٹ وژن، تھرمل کیمرے اور دیگر آلات جدید سکیورٹی فیچرز نصب ہونگے
لاہور(محمد حسن رضا سے )پنجاب میں وی آئی پیز شخصیات اورسکیورٹی ڈیوٹی کے لیے نئی 42 لگژری گاڑیاں خریدنے کی منظوری دے دی گئی ہے جن کی مجموعی لاگت تقریباً 52 کروڑ 35 لاکھ روپے سے زائد ہے ، یہ منظوری پیر کے روز وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں دی گئی۔ ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق حکومت نے 20 ٹویوٹا فارچیونر ڈالے خریدنے کی منظوری دی ہے ، جن پر 37 کروڑ 27 لاکھ روپے خرچ کیے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ وی وی آئی پیز کی سکیورٹی اور پروٹوکول کے لیے 12 ہائی لکس ڈالے ڈبل کیبن خرید ے جائیں گی، جن کے لیے 11 کروڑ 26 لاکھ روپے خرچ ہوں گے ۔ ان گاڑیوں میں جدید سکیورٹی فیچرز بھی شامل کئے جائیں گے ، جن میں نائٹ وژن، تھرمل کیمرے اور دیگر حساس آلات شامل ہیں۔ اہم سرکاری دستاویز کے مطابق محکمہ خزانہ نے ٹویوٹا فارچیونر کو لگژری گاڑی قرار دیتے ہوئے اس کی خریداری پر اعتراض اٹھایا تھا تاہم وزیراعلیٰ پنجاب اور صوبائی کابینہ نے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے حتمی منظوری دے دی، وزیراعلیٰ آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اعلیٰ عدلیہ کے لیے بھی 10 نئی سرکاری گاڑیاں خریدنے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ اسی اعلامیہ میں کہا گیا کہ کابینہ نے سکیورٹی ڈیوٹی کے لیے نئی گاڑیوں اور سکیورٹی آلات کی خریداری کی سمری کی منظوری دی ہے ۔ اس حوالے سے ترجمان پنجاب حکومت کا مؤقف جاننے کی کوشش کی گئی تاہم کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔