مشرق وسطیٰ کی صورتحال:پاکستان سے مزید 101پروازیں منسوخ

مشرق وسطیٰ کی صورتحال:پاکستان سے مزید 101پروازیں منسوخ

مسافروں کو مشکلات کا سامنا، ائیر لائنز کی قبل از سفر معلومات لینے کی ہدایات برطانوی فضائی کمپنی کادبئی کیلئے تمام پروازیں موسم گرما تک منسوخ کرنیکا اعلان

لاہور(نیوز رپورٹر،آن لائن)مشرق وسطیٰ میں جنگ کے باعث پاکستان سے بیرون ممالک جانے والی پروازوں کا شیڈول بدستور بری طرح متاثر ،گزشتہ روز بھی 101 بین الاقوامی پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جن میں عرب امارات، بحرین، شارجہ، کویت، قطر، ایران، عراق اور آذربائیجان کے لیے پروازیں شامل ہیں۔دوسری طرف برطانوی فضائی کمپنی نے سکیورٹی خدشات کے باعث دبئی کیلئے تمام پروازیں موسمِ گرما تک منسوخ کرد ی ہیں۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے مختلف ائیرپورٹس سے گزشتہ روز بھی مشرق وسطیٰ جانیوالی 101 پروازیں اڑان نہ بھر سکیں جس کے بعد 18 روز کے دوران اب تک تقریباً2ہزار پروازیں منسوخ ہو چکیں۔

ذرائع نے بتایا کہ منسوخی کے باعث متعدد مسافروں کوعلامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سمیت کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، فیصل آباد، ملتان اور سیالکوٹ ائیرپورٹس سے واپس گھر وں کو جانا پڑا اورانہیں مالی پریشانی کا بھی سامنا کرنا پڑ ا ۔ ائیر لائنز نے مسافروں کو تاکید کی ہے کہ وہ ائیرپورٹ جانے سے قبل پروازوں کی مکمل معلومات حاصل کریں تاکہ غیر ضروری مشکلات سے بچا جا سکے ۔ دریں اثناء عرب امارات کیلئے خصوصی پروازوں کا آغاز ایک بار پھر معطل ہو گیا۔ادھر برطانیہ کی ائیر لائن نے نہ صرف دبئی بلکہ عمان، بحرین اور اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب کیلئے بھی پروازیں 31 مئی تک معطل کردی ہیں، دوحہ قطر کیلئے فلائٹس اپریل کے آخرتک جبکہ ابوظہبی کیلئے پروازیں مزید طویل مدت تک بند رہیں گی۔ واضح رہے گزشتہ روز دبئی ائیرپورٹ کے قریب ڈرون حملہ کے باعث پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی گئی تھیں تاہم اب پروازیں بتدریج بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں