ایم ٹیگ کیلئے پولیس عوام کوتنگ نہ کرے :اسلام آبادہائیکورٹ
توقع ہے کسی طرح کی ہراسانی اوردھونس دھمکی نہیں کی جائیگی:تحریری حکم
اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگ کے خلاف درخواست پر عام عوام کو ہراساں کرنے ، دھمکانے یا پولیس کی جانب سے تنگ کیے جانے سے روکتے ہوئے کہاکہ توقع ہے کسی بھی طرح کی ہراسانی، دھونس دھمکی یا پولیس کی جانب سے بیجا تنگ نہیں کیا جائے گا۔چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے ایک صفحے پر مشتمل سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا، حکمنامہ کے مطابق درخواست گزار کے وکیل نے پولیس کی جانب سے عوام کو ہراساں اور تنگ کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا،سرکاری وکیل نے متعلقہ حکام سے ہدایات لینے اور عدالت کی معاونت کے لیے وقت مانگ لیا،عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت 6 اپریل مقرر کردی۔