کفایت شعاری ، سینیٹ سیکرٹریٹ میں 750ملین کی بچت متوقع

 کفایت شعاری ، سینیٹ سیکرٹریٹ میں 750ملین کی بچت متوقع

یہ اجتماعی قومی ذمہ داری ، تمام شعبے ان اقدامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں دفتر بجٹ میں کمی کا حکم ،دیگر شعبے بھی اسکی پیروی کریں ،یوسف رضا گیلانی کی ہدایت

اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے موجودہ معاشی صورتحال کے پیش نظر سینیٹ سیکرٹریٹ میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی جس میں کفایت شعاری اقدامات کا جائزہ لیکر ان کے نفاذ کا فیصلہ کیا گیا ، اس عمل میں سینیٹ کے بجٹ اخراجات میں نمایاں کمی پر توجہ دی گئی جس کا آغاز چیئرمین کے اپنے دفتر کے اخراجات میں خاطر خواہ کمی سے کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے ہدایت کی کہ کفایت شعاری اقدامات کا آغاز اعلیٰ ترین سطح سے ہونا چاہئے ، چنانچہ چیئرمین کے دفتر کے بجٹ میں نمایاں کمی کا حکم دیا گیا تاکہ دیگر تمام شعبے بھی اس کی پیروی کریں۔چیئرمین سینیٹ نے سیکرٹریٹ میں فوری طور پر کفایت شعاری اقدامات کے نفاذ کے لئے جامع ہدایات جاری کیں جن کا مقصد آپریشنل اخراجات میں کمی اور وسائل کے بہتر استعمال کو یقینی بنانا ہے ۔ آئندہ کسی بھی خریداری کو سینیٹ کی ایک خصوصی کفایت شعاری کمیٹی کی منظوری سے مشروط کیا گیا ہے ۔ان اقدامات کے نتیجے میں سینیٹ سیکرٹریٹ نے موجودہ مالی سال کے باقی ماندہ بجٹ کے استعمال میں پچاس فیصد سے زائد کمی کی پیش گوئی کی ہے جس سے اندازا 700 سے 750 ملین روپے کی بچت متوقع ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ کفایت شعاری محض ایک پالیسی ہدایت نہیں بلکہ ایک اجتماعی قومی ذمہ داری ہے اور سیکرٹریٹ کے تمام شعبوں کو ہدایت کی کہ وہ ان اقدامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں