پیپس میں کفایت شعاری اقدامات نافذ کر د ئیے گئے

 پیپس میں کفایت شعاری اقدامات نافذ کر د ئیے گئے

نئے اقدامات کے تحت ادارے میں چار روزہ ورکنگ ویک کا آغاز

 اسلام آباد (سید قیصر شاہ) چیئرمین سینیٹ صدر بورڈ آف گورنرز پیپس کی ہدایات پر پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمانی سروسز (PIPS) میں مالی نظم و ضبط اور وسائل کے مؤثر استعمال کے لئے جامع کفایت شعاری اقدامات نافذ کر د ئیے گئے ہیں، جو سینیٹ اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹس کی پالیسی کے مطابق ہیں۔نئے اقدامات کے تحت ادارے میں پیر تا جمعرات چار روزہ ورکنگ ویک اور ہائبرڈ ورکنگ ماڈل متعارف کرایا گیا ہے ، جس میں 50 فیصد عملہ دفتر اور 50 فیصد گھر سے کام کرے گا، جبکہ ملازمین ہر وقت ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے دستیاب ہوں گے۔

توانائی بچت کے لیے بجلی کے غیر ضروری استعمال میں کمی اور 70 فیصد تک بچت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ، جبکہ بیشتر سرگرمیاں دن کی روشنی میں منعقد ہوں گی اور بیرون ملک دوروں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ٹرانسپورٹ اخراجات کم کرنے کے لیے 70 فیصد سرکاری گاڑیاں بند کر دی گئی ہیں، جبکہ نان-ERE بجٹ میں 20 فیصد کمی اور 3 لاکھ روپے یا اس سے زائد تنخواہ لینے والے افسران کی تنخواہوں میں 5 سے 30 فیصد تک کٹوتی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ادارے نے غیر ضروری خریداری اور سرکاری تقاریب پر پابندی عائد کر دی ہے یہ تمام اقدامات فوری طور پر نافذ العمل ہیں اور آئندہ احکامات تک جاری رہیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں