حکومت کفایت شعاری مہم کی نگرانی کیلئے ڈیجیٹل پورٹل بنائیگی

  حکومت کفایت شعاری مہم کی نگرانی کیلئے ڈیجیٹل پورٹل بنائیگی

وفاقی و صوبائی حکومتیں پورٹل پر اخراجات کی ہفتہ وار رپورٹ جمع کرائینگی

 اسلام آباد (ایس ایم زمان) وفاقی حکومت نے کفایت شعاری اور بچت مہم کی مؤثر نگرانی کے لیے ڈیجیٹل پورٹل بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس اقدام کے تحت وفاقی اور صوبائی حکومتیں مذکورہ پورٹل پر اپنے بجٹ اور اخراجات کی ہفتہ وار رپورٹس جمع کروائیں گی۔کابینہ ڈویژن نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کو اس ڈیجیٹل پورٹل کی تیاری کی ذمہ داری سونپ دی ہے، مزید بر اں، کفایت شعاری مہم کے تحت رقوم کے استعمال اور نگرانی کے لئے ایک نیا خودکار نظام نافذ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ، جس کے تحت تمام وفاقی و صوبائی اداروں کو اپنی کارکردگی کی ہفتہ وار رپورٹ بھی لازمی جمع کرانا لازمی ہو گی۔
جاری احکامات کے مطابق، وفاقی حکومت کے تمام ذیلی اداروں اور صوبائی حکومتوں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ وسائل کی بچت اور کفایت شعاری اقدامات پر عمل درآمد کی صورتحال سے باقاعدگی سے آگاہ کریں ۔حکام کے مطابق اس مانیٹرنگ سسٹم کو شفاف اور تیز بنانے کے لئے وزارت آئی ٹی ایک خصوصی ڈیجیٹل پورٹل تیار کر رہی ہے ، جہاں تمام ادارے طے شدہ فارمیٹ کے مطابق اپنی رپورٹس اپ لوڈ کریں گے ،اس مہم کا بنیادی مقصد سرکاری وسائل کے ضیاع کو روکنا اور بچت کے اقدامات پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے ،نئے قواعد و ضوابط کے تحت صرف کاغذی کارروائی پر انحصار نہیں کیا جائے گا بلکہ ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے ہر ہفتے نگرانی کی جائے گی کہ کن اداروں نے بچت کی اور کہاں مزید بہتری کی ضرورت ہے ،اس اقدام سے حکومتی سطح پر نظم و ضبط میں بہتری آئے گی اور کفایت شعاری مہم کے ثمرات براہِ راست قومی خزانے تک پہنچیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں