عید پیاروں کے ساتھ منانے کیلئے پردیسیوں کی واپسی جاری
لاہور ریلوے سٹیشن پر مسافروں کا رش، ٹرینیں بدستور گھنٹوں لیٹ، بُکنگ مکمل
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے )عید الفطر کی خوشیاں اپنے پیاروں کے ساتھ منانے کیلئے پردیسیوں کی واپسی کا سلسلہ جاری، لاہور ریلوے سٹیشن پر رش بڑھ گیا ،ٹرینیں لیٹ ،مسافر پریشان ہو کر رہ گئے ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت مختلف شہروں میں بسے پردیسی عید کی خوشیاں اپنے پیاروں کے ساتھ منانے کیلئے آبائی علاقوں کو روانہ ہونے لگے۔ لاہور سے بھی آبائی علاقوں میں جانیوالوں کا ریلوے سٹیشن پر رش بڑھ گیا۔ ریلوے کی تمام ٹرینوں کی بکنگ سو فیصد مکمل ہونے کی وجہ سے مسافروں کو ٹکٹوں کے حصول میں شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑا جبکہ کوچز کی عدم دستیابی اور ڈی ریلمنٹ کے واقعات کے باعث ٹرینیں گھنٹوں لیٹ ہوئیں ،کراچی اور کوئٹہ سمیت مختلف شہروں سے آنے والی ٹرینیں گھنٹوں لیٹ رہیں۔کراچی سے آنے والی عوام ایکسپریس 7 گھنٹے 20 منٹ ،علامہ اقبال ایکسپریس 5 گھنٹے 10 منٹ ،خیبر میل ایکسپریس 4 گھنٹے 45 منٹ ،گرین لائن ایکسپریس 2 گھنٹے 10 منٹ اور تیز گام ایکسپریس 1 گھنٹہ 30 منٹ لیٹ ہوئی جس سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔مسافروں کا کہنا ہے کہ ریلوے انتظامیہ مسافروں کو سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہے ۔