پختونخوا :سی ٹی ڈی کی کارروائی ،انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک

 پختونخوا :سی ٹی ڈی کی کارروائی ،انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک

ڈیرہ اسماعیل خان میں ہلاک دہشتگرد احمد گل7اہلکاروں کی شہادت میں ملوث تھا بنوں کے پہاڑی علاقوں میں فتنہ الخوارج کیخلاف آپریشن، مشکوک پناہ گاہیں مسمار

پشاور ،ڈیرہ اسماعیل خان(اے پی پی) پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سی ٹی ڈی اور ڈسٹرکٹ پولیس کی کامیاب کارروائی کے دوران انتہائی مطلوب دہشت گرد ہلاک ہوگیا،دوسری طرف پختونخوا پولیس کا بنوں کے پہاڑی علاقوں میں فتنہ الخوارج کے ممکنہ ٹھکانوں کے خلاف سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن میں مشکوک پناہ گاہیں مسمارکر دی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے پہاڑ پور وانڈہ بڈھ میں سی ٹی ڈی اور ڈسٹرکٹ پولیس نے کامیاب کارروائی کی اور اس دوران ایس ایچ اوپنیالہ فہیم ممتاز سمیت 7 پولیس اہلکاروں کی شہادت میں ملوث انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر احمد گل کو ہلاک کردیاگیا۔

سکیورٹی اداروں نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر علاقے کا محاصرہ کر کے آپریشن کرتے ہوئے کامیاب  کارروائی کی۔ادھر ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی کی قیادت میں بنوں پولیس کی بھاری نفری نے سب ڈویژن وزیر کے پہاڑی علاقوں میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کے خلاف سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن کیا۔ترجمان پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران پولیس ٹیمیں جدید اسلحہ اور حفاظتی سازوسامان سے مکمل طور پر لیس تھیں ۔دورانِ آپریشن پہاڑی علاقوں میں قائم مشکوک پناہ گاہوں کو مسمار کر دیا گیا جنہیں مبینہ طور پر دہشت گرد عارضی ٹھکانوں کے طور پر استعمال کر سکتے تھے ۔ پولیس ٹیموں نے بعض مقامات پر گھروں کی بھی تلاشی لی ،سرچ اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع اور مو ثر بنایا جا رہا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں