مودی حکومت کی ناکامی، بھارت سائبر فراڈ مافیا کے نشانے پر
آن لائن فراڈ ، اے آئی کے ذریعے ہونے والے جرائم کی شرح میں تشویشناک اضافہ
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)مودی حکومت کی ناکامی نے بھارت کو سائبر فراڈ مافیا کے لئے ایک اہم ہدف بنا دیا ، میٹا کی حالیہ رپورٹ میں اس صورتحال کے ہوشربا انکشافات سامنے آئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، بھارت میں سوشل میڈیا پر بڑھتے آن لائن فراڈ اور اے آئی کے ذریعے ہونے والے جرائم کی شرح میں تشویشناک اضافہ ہو رہا ، جس نے بھارت کی سائبر سکیورٹی کی حقیقت کو بے نقاب کیا ،بھارت جو خود کو اے آئی ہب بنانے کا دعویدار ہے ، اپنی عوام کو سائبر تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔
بھارتی اخبار کے مطابق، بھارت بین الاقوامی سائبر دھوکہ دہی کرنے والے نیٹ ورکس کا بڑا ہدف بن رہا ہے ، اور بھارتی گروہ سب سے زیادہ امریکہ اور بھارت میں صارفین کو نشانہ بناتے ہیں ، رپورٹ کے مطابق، بھارت میں متوسط آمدنی والے صارفین، سستے ڈیٹا اور کم ڈیجیٹل خواندگی کے سبب سائبر جرائم کے لیے ایک آسان ہدف بن گئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق کمزور پالیسیوں اور مبینہ غفلت نے جرائم پیشہ نیٹ ورکس کو مضبوط ہونے کا موقع دیا ہے ، جس سے شائننگ انڈیا کا نعرہ عملی طور پر کھو کھلا دکھائی دینے لگا ہے۔