وقفہ وقفہ سے بارش ،مختلف واقعات میں 7 افراد جاں بحق

وقفہ وقفہ سے بارش ،مختلف واقعات میں 7 افراد جاں بحق

لاہور سمیت پنجاب میں گرمی کی شدت کم ،لیسکو کے 60 فیڈرز ٹرپ

لاہور،اسلام آباد ،کراچی،پشاور (اپنے کامرس رپورٹر سے ، نیوز ایجنسیاں)لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں وقفہ وقفہ سے بارش جاری ہے ،اس دوران دیواریں اور چھتیں گرنے سمیت دیگر واقعات کے دوران سندھ میں 6افراد اورپختونخوا میں ایک خاتون جاں بحق ہو گئی جبکہ مجموعی طور پر 21افراد زخمی بھی ہوئے ،بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام متاثرہوا اور لیسکو کے 60 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے ،بیشتر اضلاع میں آج بھی بارش کا امکان ہے ۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی، جس سے گرمی کی شدت میں کمی ہو گئی، لیسکو کے 60 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر نے سے متعدد علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہی جس سے صارفین پریشان ہوکر رہ گئے ۔

جمعرات کو کراچی میں دوسرے دن بھی کلفٹن، صدر، جمشید روڈ، مارٹن کوارٹرز، کلیٹن روڈ، پی آئی بی ، لیاری سمیت مختلف علاقوں میں گھن گرج کے ہلکی اور تیز بارش ، جبکہ ماڑی پور میں ژالہ باری ہوئی۔بارش کے دوران پی ایم ٹی اور انڈر گراؤنڈ کیبل میں پانی جانے سے کے الیکٹرک کے 200 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے ۔ادھر سندھ میں حب شہر اور گردونواح میں شدید طوفانی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش نے نظام زندگی کو مفلوج کردیا ،اس دوران مچھر کالونی میں دیوار گرنے سے بزرگ شہری جبکہ ساکران کے علاقے رمضان مری گوٹھ میں ایک بچی جاں بحق ہو گئی، اس واقعہ میں متوفیہ کی والدہ زخمی ہوگئی ،مختلف واقعات میں مجموعی طور پر 16 افرادزخمی بھی ہوگئے ۔دوسری جانب اندرون سندھ کئی شہروں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے درخت، پول، بجلی کے تار گرگئے جبکہ کوچ الٹنے سے 4 مسافر جاں بحق ہوگئے ۔

مٹیاری کے قریب خیبر کے مقام قومی شاہراہ پر کوچ الٹی۔۔ بلوچستان کے مختلف میں بھی بارش ہوئی،آزاد کشمیر اور پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں بارش کے ساتھ بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری بھی ہوئی ۔پختونخوا کے ضلع شانگلہ میں پانچویں روز بھی موسلادھار بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کے دوران بجلی بند ہو گئی، مسلسل بارشوں کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہو گئی ، بعض مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ شاہراہ قراقرم اور شانگلہ کی مختلف رابطہ سڑکوں پر مٹی کے تودے گرنے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے ۔ لنڈی کوتل میں بارش کے باعث کمرے کی چھت گر نے سے ایک خاتون جاں بحق جبکہ 5افراد شدید زخمی ہو گئے ، ریسکیوخیبر کی ٹیموں نے زخمیوں کو ملبے سے نکال کر ہسپتال منتقل کردیا ۔محکمہ موسمیات نے کل عید پر بھی بادل برسنے کی نوید سنا تے ہوئے 25 مارچ تک ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں