پاکستان نے 30طیارے وار زون میں داخل ہونے سے بچالئے
خراب موسم کے باعث ایران کے ایئر اسپیس میں داخلے کے قریب پہنچ چکے تھے
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان ایئرٹریفک کنٹرول نے 30 مسافر طیاروں کو وار زون میں داخل ہونے سے بچا لیا۔ طیارے خراب موسم کے باعث ایران کے وار زون ایئر اسپیس میں داخل ہونے کے قریب پہنچ چکے تھے ۔ پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی ذرائع کے مطابق طیارے خراب موسم کے باعث ایران کے وار زون ایئر اسپیس میں داخل ہونے کے قریب پہنچ چکے تھے ، ایئر ٹریفک کنٹرولر کراچی ریجن کی بروقت رہنمائی نے مختلف ایئر لائنز کے طیاروں کو بڑے حادثے سے بچالیا۔ ایران کے بارڈر کے انتہائی قریب بیشتر طیارے موسم کی خرابی کی زد میں آگئے تھے ۔ اس سلسلے میں تہران ایئرٹریفک کنٹرول سے بارہا رابطوں کے باوجود جواب نہیں ملا۔
ذرائع نے بتایا کہ سعودی عرب، دبئی اور دیگر ممالک سے آنے اور جانے والی پروازوں کو رہنمائی کرکے بڑے خطرے سے بچایا گیا۔ ایئر ٹریفک کنٹرولر کراچی فلائٹ انفارمیشن ریجن نے جہازوں کی رہنمائی کی اور خراب موسم میں انہیں نکلنے میں مدد فراہم کی۔ پاکستان کا سیکٹر ویسٹ قلات سے پنجگور گوادر کی طرف آتا ہے ۔ اس روٹ پر موسم انتہائی خراب ہوگیا تھا۔ جہازوں کا کنٹرول آؤٹ ہورہا تھا اور وہ جہاز ایرانی ایئراسپیس کی طرف بھٹک رہے تھے جو انتہائی خطرناک تھا۔ وار زون ہونے کی وجہ سے ایرانی اسپیس بند تھی۔ ایئر ٹریفک کنٹرولر نے نہایت مہارت کے ساتھ ان جہازوں کو وہاں سے بچایا۔ مشرق کی جانب جہاز موسم کی خرابی کے باعث نہیں جاپارہے تھے ، پائلٹ کنٹرول ٹاور کو آگاہ کر رہے تھے کہ اس خراب موسم میں ہم نہیں جاسکتے ۔تمام جہاز پنجگور کی جانب جا کر موسم کی زد میں آرہے تھے ۔ کراچی فلائٹ انفارمیشن ریجن نے طیاروں کو وار زون میں داخل ہونے نہیں دیا اور رہنمائی کرتے ہوئے ان کو روٹس پر واپس لایا گیا۔