کفایت شعاری ، ترقیاتی منصوبوں کا طریقہ کار تبدیل کرنیکا فیصلہ

  کفایت شعاری ، ترقیاتی منصوبوں کا طریقہ کار تبدیل کرنیکا فیصلہ

فزیبلٹی رپورٹ ، منصوبوں کی تکنیکی و معاشی بنیادوں پر جانچ پڑتال لازمی قرار

 اسلام آباد (ایس ایم زمان) وزیرِاعظم شہباز شریف نے معاشی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے کفایت شعاری پالیسی کے تحت اراکینِ پارلیمنٹ کے تجویز کردہ منصوبوں کو وفاقی ترقیاتی پروگرام (PSDP) میں شامل کرنے کے طریقہ کار میں تبدیلی اور نئے قواعد و ضوابط نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، نئے طریقہ کار کے تحت اراکینِ پارلیمنٹ کے تجویز کردہ منصوبوں میں مقامی ضروریات اور معاشی ترقی کو ترجیح دی جائے گی، جبکہ ان منصوبوں کی تکنیکی اور معاشی بنیادوں پر جانچ پڑتال لازمی قرار دی گئی ،نئے قواعد کے تحت پارلیمنٹیرینز کی جانب سے پیش کردہ منصوبوں کو متعلقہ وزارتیں اور ڈویژنز مکمل طور پر تیار اور پراسیس کریں گی، جس کے بعد انہیں منظوری کے لئے متعلقہ حکام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ پالیسی کے مطابق کسی بھی منصوبے کو فنڈز کے اجرا سے قبل فزیبلٹی رپورٹ اور مقررہ قواعد و ضوابط پر عملدرآمد لازمی ہوگا۔ صرف وہی منصوبے فنڈز کے اہل ہوں گے جو میرٹ اور دستیاب بجٹ کے معیار پر پورا اتریں گے ۔پلاننگ کمیشن کو اس پورے عمل کی نگرانی اور نفاذ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ، جبکہ حکومت نے اس اصلاحاتی عمل کو مکمل طور پر فعال کرنے کے لیے جون 2027 تک کی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے ۔اس اقدام سے نہ صرف ترقیاتی منصوبوں کے معیار میں بہتری آئے گی بلکہ مقامی سطح پر ہونے والے اخراجات کی نگرانی اور آڈٹ کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں