مارچ کے دوران گزشتہ سال کی نسبت امارات جانیوالے پاکستانیوں کی تعداد میں 320فیصد اضافہ

مارچ کے دوران گزشتہ سال کی نسبت امارات جانیوالے پاکستانیوں کی تعداد میں 320فیصد اضافہ

جنوری 2026میں 17ہزار، فروری 14ہزار ،مارچ میں ساڑھے 9ہزار پاکستانی متحدہ عرب امارات گئے نئے سال کے پہلے تین ماہ میں 57500پاکستانی سعودیہ گئے ، اسی دوران قطر جانے والوں کی تعداد 17687ہے

 اسلام آباد (حریم جدون)مشرق وسطیٰ جنگ کے دوران پاکستان سے یو اے ای ملازمتوں کیلئے جانے والوں کی تعداد میں گزشتہ سال کی نسبت مارچ 2026 میں 320فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، مارچ میں 9533پاکستانی ملازمت کیلئے یو اے ای گئے جبکہ گزشتہ سال مارچ  میں یہ تعداد 2 ہزار 271 تھی، فروری 2026 میں ریکارڈ اضافہ بھی انتہائی حیران کن ہے جب متحدہ عرب امارات جانے والوں کی تعداد میں 692 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، فروری 2026 میں گزشتہ سال 1 ہزار 771 کے مقابلے میں 14 ہزار 35 پاکستانی یو اے ای گئے ، اسی طرح جنوری 2026 میں جنوری 2025 کے مقابلے میں 505 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ سال کے 2 ہزار 848 افراد کے مقابلے میں 17 ہزار سے زائد پاکستانی ملازمت کے حصول کیلئے یو اے ای گئے ، نئے سال کے 3 ماہ میں ریکارڈ کیا گیا اضافہ 1500 فیصد سے زائد تک پہنچ چکا ،اسی طرح سعودی عرب ملازمتوں کیلئے جانے والوں کی تعداد میں گزشتہ سال کی نسبت اگرچہ پہلے 3 ماہ میں 57 فیصد کمی ہوئی مگر اس کے باوجود 57 ہزار 500 سے زائد پاکستانی گزشتہ 3 ماہ کے دوران سعودی عرب گئے۔

مشرق وسطیٰ جنگ کے دوران صرف مارچ 2026 میں 23 ہزار 366 افراد سعودی عرب منتقل ہوئے ، گزشتہ 3 ماہ کے دوران قطر جانے والوں کی تعداد میں گزشتہ سال کی نسبت 110 فیصد اضافہ ہوا، جنوری سے مارچ تک 17 ہزار 687 پاکستانی قطر منتقل ہوئے ، مارچ 2026 میں قطر جانے والوں کی تعداد میں گزشتہ سال کی نسبت جنگ کے باعث کچھ کمی واقع ہوئی جبکہ گزشتہ سال 4 ہزار 415 کے مقابلے میں تقریبا 3ً ہزار پاکستانی قطر منتقل ہوئے ، سب سے زیادہ حیران کن اور غیر معمولی اضافہ متحدہ عرب امارات جانے والوں کی تعداد میں ہے ، اس اضافے کو اس لئے بھی اتنی اہمیت کی نظر سے دیکھا جارہا ہے کہ گزشتہ چند برسوں میں یو اے ای جانے والوں کی تعداد میں کمی دیکھی گئی تھی، یواے ای میں ورک ویزاکی شرائط سخت کی گئی تھیں جس سے پاکستانیوں کی متحدہ عرب امارات منتقلی میں کمی دیکھی گئی تھی، مگر موجود نمبرز پاکستانیوں کی یو اے ای ملازمتوں کیلئے جانے سے متعلق پالیسی میں ایک بڑی شفٹ کو ظاہر کررہا ہے اگرچہ جنگ کے دوران مشرق وسطیٰ سمیت دیگر ممالک میں کمی دیکھی گئی مگر یو اے ای جانے والوں کی تعداد میں اضافہ اس لئے قابل ذکر ہے کہ یہ گزشتہ سال یو اے ای جانے والوں کی تعداد میں مجموعی طور پر 15 گنا ہے ۔ کویت جانے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا اگرچہ پہلے 3 ماہ میں کویت 184 افراد گئے مگر پھر بھی یہ تعداد گزشتہ سال انہی مہینوں کے مقابلے میں صرف 41 تھی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں