عید کا چاند دیکھنے کیلئے اُلٹی مشین ، عدالت میں دلچسپ ریمارکس
مشین سے کوئی نقصان ہوا؟ چیف جسٹس، جمعہ کی عید ہفتہ کو کرائی:درخواست گزار
اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے ) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے عید کا چاند دیکھنے کے بعد جلدی اعلان کا حکم دینے کیلئے شہری کی درخواست نمٹا دی۔ درخواست گزار عبد اللہ شفیق ذاتی حیثیت میں عدالت پیش ہوئے ، چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے استفسار کیاکہ آپ کو نوٹس سے کوئی پریشانی تو نہیں ہوئی، درخواست گزار نے جواب دیا نہیں مجھے کوئی پریشانی نہیں ہوئی ، درخواست گزار نے کہاکہ جس مشین سے چاند دیکھا گیا وہ الٹی لگی ہوئی تھی،میرے پاس وہ ویڈیو موجود ہے موبائل باہر رکھا ہے ۔ چیف جسٹس نے استفسار کیاکہ اس سے کوئی نقصان یا مسئلہ تو نہیں ہوا اگر مشین الٹی تھی۔ اس پر درخواست گزار نے کہاکہ جمعے کی عید تھی رویت ہلال کمیٹی نے ہفتے کی عید کرائی،حدیث میں ہے چاند دیکھ کر روزے رکھو اور چاند دیکھ کر عید کرو، چیف جسٹس نے کہاکہ آپ اس حدیث کی تفصیلات عدالت میں پیش کر دیں، درخواست گزار نے کہاکہ مذہبی امور نے جواب جمع نہیں کرایا آپ درخواست مستقبل کے لیے نمٹا دیں،عدالت نے شہری کی درخواست نمٹا دی۔