ڈیرہ اسماعیل خان، جرگے کے 6افراد قتل ، ڈاکومقابلے میں ہلاک
ڈیرہ اسماعیل خان (اے پی پی)چڑی بھوہر میں ڈکیتی کے دوران موٹرسائیکل چھیننے والے ڈاکو کی فائرنگ سے جرگے کے 6افراد جاں بحق اور 2زخمی ہو گئے۔
جر گے کے افراد ڈکیت ذوالفقار مروت سے موٹرسائیکل واپس لینے گئے تو ملزم نے اندھا دھند فائرنگ کر دی ،بعدازا ں ملزم خود بھی مقابلے میں مارا گیا،استرانہ قوم کے مشتعل افراد نے ڈاکو کا گھر نذر آتش کردیا، تفصیلات کے مطابق تحصیل پروآ میں استرانہ قوم کے افراد امن جرگہ کی صورت میں ڈکیت ذوالفقار مروت کے پاس موٹرسائیکل کی واپسی کے لیے گئے ،اس دوران ملزم نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 6 افراد موقع پر دم توڑ گئے ،اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کرسرچ آپریشن شروع کردیا،مشتعل افراد نے ملزم کے گھر کو نذر آتش کر دیا، جس سے علاقے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی، ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ جاں بحق افراد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ، تھانہ پروآ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ، ایس پی سٹی مرتضی ٰخان کی قیادت میں سرچ آپریشن کے دوران ملزم اشفاق مروت کے ایک ٹھکانے پر چھاپہ مارا گیا تو ملزم اور اس کے ساتھیوں نے فائرنگ شروع کر دی، پولیس نے جوابی کارروائی کی،فائرنگ رکنے کے بعد ذوالفقار مروت اپنی کلاشنکوف اور موٹر سائیکل کے ہمراہ مردہ پایا گیا۔