سرکاری ڈاکٹرز کارڈ پینل والے نجی ہسپتال میں کام نہیں کرینگے

سرکاری ڈاکٹرز کارڈ پینل والے نجی ہسپتال میں کام نہیں کرینگے

پنجاب حکومت نے صحت کارڈ اورکارڈیک سرجری پروگرام کے تحت فیصلہ کیا سرکاری کارڈیک ہسپتالوں میں شام کی شفٹ میں آپریشنز کی اجاز ت دیدی گئی

لاہور (بلال چودھری )پنجاب حکومت نے صحت کارڈ اور وزیراعلیٰ کارڈیک سرجری پروگرام کے تحت اہم پالیسی فیصلہ کرتے ہوئے سرکاری شعبے کے ڈاکٹرز پر نجی ہسپتالوں میں کام کرنے پر پابندی عائد کر دی ۔سرکاری دستاویزات کے مطابق کارڈیک سرجنز، کارڈیالوجسٹس اور اینستھی ٹسٹس سمیت سرکاری شعبے سے وابستہ ڈاکٹرز اب صحت کارڈ پینل پر شامل نجی ہسپتالوں میں خدمات انجام نہیں دے سکیں گے ، اس پابندی کا اطلاق ملٹی ڈسپلنری ڈاکٹرز پر بھی ہوگا۔ اوپن ہارٹ سرجری کے مریضوں کی طویل انتظار فہرست کم کرنے کیلئے سرکاری کارڈیک ہسپتالوں میں شام کی شفٹ میں اضافی آپریشنز کی اجازت دے دی گئی ہے ، دوپہر 2 بجے  کے بعد ہونے والی ہر سرجری پر 50 ہزار روپے شیئر ادا کیا جائے گا جبکہ شام کی شفٹ میں استعمال ہونے والی ادویات اور دیگر سامان کی لاگت بھی حکومت برداشت کرے گی۔ پروگرام کے تحت تمام داخلے اور ریفرلز کو ڈیجیٹل سسٹم سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، جس کیلئے سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے ذریعے پروگرام مینجمنٹ سسٹم نافذ کیا جائے گا۔ ہسپتالوں کو فوکل پرسن مقرر کرنے اور سسٹم انٹیگریشن مکمل کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔یہ مراسلہ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی، راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سمیت 9 بڑے کارڈیک ہسپتالوں کے سربراہان کو ارسال کیا گیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں