چیف جسٹس کیخلاف نازیبا زبان کا استعمال قابل مذمت :پنجاب بار

چیف جسٹس کیخلاف نازیبا زبان کا استعمال قابل مذمت :پنجاب بار

تمام بارز کے انتخابی معاملات ، انرولمنٹ، لائسنس ،ڈسپلن ،اپیلٹ اتھارٹی پنجاب بار ہے ہائیکورٹ بار کے انتخابات میں سنگین بے ضابطگیاں ہوئیں:وائس چیئرمین قیصر بٹ

لاہور(این این آئی)پنجاب بار کونسل کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ بار کے اجلاس میں روسٹرم کی حرمت پامال کرتے ہوئے چیف جسٹس کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی گئی جو قابل مذمت ہے ، ہائیکورٹ بار اور لاہور بار کے صدور کے ناروا طرز عمل پر معاملہ پاکستان بار کو ریفرنس کی صورت میں بھجوا دیا،نامناسب زبان کے استعمال پر انہیں فی الفور معافی مانگنی چاہیے ،صوبے میں تمام بارز کے انتخابی معاملات ، انرولمنٹ، لائسنس کے اجراء ،ڈسپلن کی خلاف ورزی پر اپیلٹ اتھارٹی پنجاب بار کونسل ہے ۔ان خیالات کا اظہار وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل خواجہ قیصر بٹ اورچیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی فخر حیات اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ممبر ان پنجاب بار سمیرا حسین،عباس چدھڑ،ملک عدیل ، ذیشان حیدر،میاں آصف،مالک خان اورسیکرٹری رفاقت علی و دیگر بھی موجود تھے ۔انہوں نے مزید کہا کہ28 فروری کو لاہور ہائیکورٹ بار کے انتخابات میں سنگین بے ضابطگیاں سامنے آئیں، جن کی بنیاد پر پنجاب بار نے الیکشن معطل کیا، صدر بار بابرمرتضی اور چیئرمین الیکشن بورڈ لہراسب گوندل کے لائسنس بھی معطل کئے گئے جبکہ اس معاملے سے متعلق اپیلیں زیر سماعت ہیں ۔پنجاب بار نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ کونسل کے احکامات پر فوری اور موثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں