ڈیزل کی موجودہ قیمت پر کاشتکاری ناممکن ، حکومت کوتوازن کیلئے جگاڑ لگانا پڑیگا:سعد رفیق
لاہور(آئی این پی )مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے پٹرول پر لیوی کم کر کے پٹرول کی نئی قیمت ایک ہی دن میں 458 سے 378 روپے فی لٹر کر دی۔
حکومت نے پہلے مرحلے پر امریکا ایران جنگ سے بڑھنے والی قیمتوں کو سالانہ ترقیاتی پروگرام پر کٹ لگا کر 129 روپے کا بوجھ برداشت کیا ۔ اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں انہوں نے کہا وزیر اعظم کی براہ راست مداخلت اور گہری دلچسپی پرآئی ایم ایف ریونیو ٹارگٹ میں کمی پر آمادہ ہو گیا ہے ، اسی وجہ سے پٹرول پرائس پر فی لٹر 80 روپے لیوی میں کمی ممکن ہوئی جبکہ ڈیزل کی موجودہ قیمت پر کاشتکاری تقریباً ناممکن ہوگئی ہے ، حکومت کو ڈیزل کی قیمت میں توازن رکھنے کیلئے کوئی جگاڑ لگانا پڑے گا۔ صوبائی حکومتیں بھی ٹرانسپورٹرز کو کرائے کم سے کم بڑھانے کیلئے ریلیف پیکیج دے رہی ہیں،عوام کو اس عذاب سے ممکنہ حد تک بچانے کیلئے کوششیں تحسین کی مستحق ہیں۔