ایرانی بیان سے پاکستان کا عالمی سفارتی مقام نمایاں ،سردار مسعود
چیلنجز موجود،امریکہ و ایران کے درمیان سخت مؤقف صورتحال کو پیچیدہ بنا سکتے علاقائی سکیورٹی ،قومی مفاد کے پیش نظرمتوازن خارجہ پالیسی اپنانا ہوگی،سابق سفیر
اسلام آباد (آن لائن)امریکہ، چین اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق سفیر اور آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر سردار مسعود خان نے ایران کے وزیر خارجہ کے بیان کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پاکستان کی ثالثی کی کوششوں پر اعتماد اور عالمی سطح پر اس کے غیر معمولی سفارتی مقام کی عکاسی کرتا ہے ۔تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ چیلنجز اب بھی موجود ہیں اور امریکہ و ایران کے درمیان سخت مؤقف صورتحال کو پیچیدہ بنا سکتے ہیں، پاکستان کو علاقائی سکیورٹی اور اپنے قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے متوازن خارجہ پالیسی اپنانا ہوگی تاکہ امن و استحکام کے فروغ میں مؤثر کردار جاری رکھا جا سکے ۔ انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے ریمارکس کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور سٹریٹجک تعلقات موجود ہیں۔انہوں نے کہا حالیہ صورتحال میں پاکستان ایک قابل اعتماد ثالث کے طور پر سامنے آیا ہے اور اس نے کشیدگی کم کرنے کے لیے بروقت سفارتی اقدامات کیے ،پاکستان نے تہران، واشنگٹن اور خلیجی ممالک سمیت اہم عالمی دارالحکومتوں سے بیک چینل سفارت کاری کے ذریعے رابطے کیے جس سے ایک نئے سفارتی راستے کی بنیاد رکھی گئی۔انہوں نے مزید کہا پاکستان اس وقت اپنی تاریخ کے اہم سفارتی مقام پر کھڑا ہے اور عالمی طاقتیں اسے اختلافات کم کرنے کی صلاحیت رکھنے والے ملک کے طور پر دیکھ رہی ہیں۔