لبنان ، غزہ :اسرائیلی حملے ،خاندان کے 6افراد سمیت15شہید
غزہ جیسی تباہی سے بچنے کیلئے اسرائیل سے مذاکرات ضروری :لبنانی صدر مغربی کنارے کے گاؤں قصرہ پر اسرائیلی آباد کاروں کا حملہ ،8 افراد گرفتار
بیروت،غزہ(اے ایف پی)لبنان اور غزہ پر اسرائیلی حملوں کے باعث ایک ہی خاندان کے 6افراد سمیت15 شہری شہید ہو گئے ، اسرائیلی حملوں میں بیروت اور اس کے مضافات میں 4افراد شہید اور 39 زخمی ہو ئے جبکہ جنوبی لبنان میں ایک عمارت پر بمباری میں ایک ہی خاندان کے 6افراد سمیت 7شہری مارے گئے ۔ دوسری جانب غزہ سٹی کے مشرقی علاقے میں اسرائیلی میزائل اور ڈرون حملے میں 4افراد شہید اور متعدد زخمی ہو ئے ۔ لبنان کے صدر جوزف عون نے اسرائیل سے مذاکرات کی فوری ضرورت پر زور دیا تاکہ ملک کے جنوب کو غزہ جیسی تباہی سے بچایا جا سکے۔
صدر عون نے ٹیلی ویژن خطاب میں کہا یہ درست ہے کہ اسرائیل جنوبی لبنان میں وہ کر سکتا ہے جو غزہ میں کیا، لیکن مذاکرات سے کم از کم ان گھروں کو بچایا جا سکتا ہے جو ابھی تباہ نہیں ہوئے ۔ اسرائیلی پولیس نے اتوار کو بتایا کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے فلسطینی گاؤں قصرہ پر اسرائیلی آباد کاروں کے حملے کے بعد8مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ گرفتار شدگان کے قبضے سے ایم16 رائفل بھی برآمد ہوئی۔ 32 سالہ فلسطینی کو سر پرشدید زخم آئے ۔