امریکا الٹی میٹم کی زبان ترک کر کے مذاکرات کرے :روس
چینی وزیرخارجہ کا روسی ہم منصب سے رابطہ، مشرق وسطیٰ صورتحال پر گفتگو آبنائے ہرمز کی بحالی جلد جنگ بندی سے ہی ممکن ،تعاون کیلئے تیار ہیں :چین
ماسکو،بیجنگ (دنیا مانیٹرنگ) روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے اپنے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ٹیلیفونک گفتگو میں اس امید کا اظہار کیا کہ کشیدگی کم کرنے کی کوششیں مثبت نتائج دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کشیدگی میں کمی کیلئے امریکا الٹی میٹم کی زبان ترک کرے اور صورتحال کو دوبارہ مذاکرات کی راہ پر لائے ۔بیان میں امریکا سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ شہری تنصیبات اور پاورپلانٹس خصوصاً بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ پر حملے بند کرے جہاں روسی ماہرین خدمات انجام دے رہے ہیں۔علاوہ ازیں چینی وزیرخارجہ وانگ یی کا روسی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔
آبنائے ہرمز اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چینی وزیرخارجہ نے کہا آبنائے ہرمز کی بحالی جلد جنگ بندی سے ہی ممکن ہے ، چین نے ہمیشہ عالمی تنازعات کے خاتمے کیلئے مفاہمت پر زور دیا ۔انہوں نے کہا کہ چین مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے روس کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھی دونوں ممالک کا تعاون جاری رہے گا۔