امریکا کا پائلٹ بازیاب ، امریکی مشن ناکام 2 ہیلی کاپٹر 2 طیارے گرادیئے : ایران

 امریکا کا پائلٹ بازیاب ، امریکی مشن ناکام 2 ہیلی کاپٹر 2 طیارے گرادیئے : ایران

دن میں ریسکیو آپریشن،ایرانی فضائی حدود میں 7گھنٹے گزارے :ٹرمپ،اصفہان میں امریکی ڈرون تباہ :پاسداران انقلاب ایران پرحملے، 15شہید ،ایرانی حملوں کی 97ویں لہر میں بمباری، کویت کے تیل اور پیٹرو کیمیکل پلانٹس میں آگ لگ گئی

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں) امریکا نے لڑاکا طیارے کے پائلٹ کو ڈھونڈ کر بازیاب کرالیا جو ایران کی جانب سے طیارہ گرائے جانے کے بعد لاپتہ ہو گیا تھا،صدرکی ٹرمپ نے بھی اس کی تصدیق کی ہے ،جبکہ ایرانی فوج کاکہناہے کہ امریکی پائلٹ کو بچانے کاامریکی مشن ناکام ہوگیاہے ،اس کے 2بلیک ہاک ہیلی کاپٹر اور 2 سی 130ٹرانسپورٹ طیارے مار گرائے ہیں ،دوسری طرف امریکا، اسرائیل اور ایران کی طرف سے حملوں کا سلسلہ بھی جاری رہا۔تفصیلا ت کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر امریکی فضائیہ کے اہلکار کی بازیابی سے متعلق پیغام جاری کیا اورلکھا کہ ہم نے شدید زخمی بہادر ایف 15 کے پائلٹ کو ایران کے پہاڑی علاقے سے بحفاظت نکال لیا۔

ایرانی فوج بڑی تعداد میں ہمارے ایئرمین کی تلاش میں تھی اور قریب پہنچ چکی تھی، وہ ہمارے ایک نہایت معزز کرنل ہیں،و ہ زخمی ہیں تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔ٹرمپ نے کہا ہم نے پائلٹ کو دن کی روشنی میں بچایا جو خود بھی غیر معمولی تھا اور اس دوران ہم نے ایران کی فضائی حدود میں سات گھنٹے گزارے ، ایرانی فضاؤں پر مکمل برتری حاصل ہے ،خدا ہمارے عظیم فوجی جوانوں کو سلامت رکھے ۔ ایران کی فوج کا دعویٰ ہے کہ امریکی آپریشن مکمل طور پر ناکام رہا۔فوجی ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے میڈیا کو بتایا کہ امریکی فورسز نے جنوبی اصفہان کے ایک ترک ہوائی اڈے کا استعمال کیا، جو اس علاقے کے شمال مغرب میں ہے جہاں ایئر مین نے چھلانگ لگائی تھی۔ریسکیوآپریشن دھوکہ تھا ،اس دوران ان کے دو بلیک ہاک ہیلی کاپٹر اور 2 سی 130 طیارے تباہ کئے ہیں، ذلت آمیز شکست سے ثابت ہوا کہ امریکی فوج کو غلبہ حاصل نہیں ، ایران کو شکست دینے کا تصور اب ایک دلدل میں بدل چکا ہے ، جس میں مخالفین خود دھنس جائیں گے۔

ایرانی میڈیا نے اس آپریشن کا موازنہ 1980 میں امریکی فوج کے ناکام آپریشن ایگل کلا سے کیا، جس کا مقصد امریکی سفارتخانے میں موجود 50 سے زائد امریکیوں کو بچانا تھا۔ امریکی اخبار کے مطابق مشن کے دوران یہ طیارے ایک متروک ائیربیس پر لینڈنگ کے بعد زمین میں دھنس گئے تھے جس کے باعث امریکی فوجیوں کو انہیں تباہ کرنا پڑا۔ امریکی فضائیہ کے سپیشل آپریشنز کمانڈ کے مطابق ریسکیو مشن میں استعمال ہونے والے 2سی ون تھرٹی طیاروں کی مجموعی مالیت 200 ملین (20کروڑ)ڈالر سے زائد ہے ۔ دوسری طرف ایران کے جنوبی صوبے کہگیلویہ و بویراحمد کے گورنر عباس بہشتی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکی فوج کے حملوں میں متعدد شہری شہید ہوئے ہیں۔ کوہِ سیاہ پر حملوں کے نتیجے میں5افراد شہید اور 8 زخمی ہوئے ہیں جبکہ کاکان میں 2افراد اور وزگ میں 3افراد شہید ہوگئے ۔ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق امریکی و اسرائیلی فضائی حملوں میں اتوار کو ملک کے شمال مغرب میں ایران کی پاسداران انقلاب کے 5 فوجی ہلاک ہوگئے۔

جنوب مغربی ایران میں شہید قاسم سلیمانی بین الاقوامی ہوائی اڈے کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی فوج کا کہناہے کہناہے کہ 24گھنٹوں کے دوران پاسدارانِ انقلاب کی چند اہم میزائل تنصیبات سمیت 120 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ایران کے پاسداران انقلاب نے اصفہان میں ایک ایم کیو 9 جاسوس ڈرون طیارہ گرانے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ ایرانی وزارتِ توانائی کے ملازمین کے نام پر آپریشن وعدہ صادق کی 97 ویں لہر کے دوران خلیج فارس اور اس سے ملحقہ علاقوں میں امریکی اور اسرائیلی اہداف کو میزائل اور ڈرون حملوں میں نشانہ بنایا گیا اورکویت میں امریکا کے خفیہ ٹھکانوں پر حملے کئے گئے ۔

ایران کے ڈرون اور میزائل حملوں میں خلیج کے ممالک کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا، جس میں متحدہ عرب امارات، بحرین اور کویت کے شہری ادارے شامل ہیں۔ کویت میں تیل اور پیٹرو کیمیکل پلانٹس میں آگ لگی اور بجلی و پانی کے پلانٹس بند ہوگئے جبکہ کویت کی وزارت تیل کے دفتر میں بھی آگ لگ گئی تھی۔ابوظہبی کے حکام کے مطابق ایرانی میزائلوں اور ڈرونز کو تباہ کردیاگیا،تاہم ان کا ملبہ گرنے سے بوروج پیٹروکیمیکلز پلانٹ میں متعدد مقامات پر آگ لگنے کے واقعات پیش آئے ۔ بحرین کی گلف پیٹروکیمیکل انڈسٹریز کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کی ایک تنصیب ڈرون حملے کی زد میں آئی جہاں آگ بھڑک اٹھی ۔عراق میں ایران کے حامی مسلح گروپوں نے امریکی سفارتی مراکز پر رات کے وقت دو حملے کئے ، امریکی سفارتخانے نے اتوار کو اس کی تصدیق کی تاہم نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں