مشکل وقت ہے ، پٹرول کی قیمتیں جلد واپس آجائیں گی:رانا ثنا
آبنائے ہرمز کی صورتحال کے اثرات پاکستان پر بھی پڑے ، قوم کو بحران سے نکال لینگے
فیصل آباد (آن لائن)مشیر وزیر اعظم برائے سیاسی امور و وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عالمی انرجی بحران اور آبنائے ہرمز کی صورتحال سے تیل اور گیس کی قیمتوں میں شدید اضافہ ہوا ہے ، جس کے اثرات پاکستان پر بھی پڑے ۔ مشکل وقت ہے ، جلد قوم کو اس بحران سے نکال لیں گے اور قیمتیں واپس آجائیں گی۔ حالیہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت نے فوری طور پر کفایت شعاری اقدامات کیے ۔ وزراء اور ارکان کی مراعات کم کی گئیں، سرکاری گاڑیاں اور فیول کا استعمال محدود کیا گیا۔ ان اقدامات سے قائم فنڈ کے ذریعے تقریباً 129 ارب روپے خرچ کر کے تین ہفتے تک عوام پر قیمتوں کا بوجھ منتقل نہیں ہونے دیا گیا۔میں پاکستان بھر کے ٹرانسپورٹرز، خصوصاً پنجاب سے اپیل کرتا ہوں کہ عوام کا ساتھ دیں اور اس اضافے کا بوجھ مسافروں اور صارفین پر منتقل نہ کریں۔