بلوچستان :فورسز کی کارروائی 6دہشت گرد ہلاک
کوئٹہ (سٹاف رپورٹر)بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں فتنہ الہندوستان کے 6دہشت گرد ہلاک ،بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ،دوسری طرف نامعلوم حملہ آوروں نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی گاڑی چھین لی اور فرار ہوگئے ۔
تفصیلات کے مطابق ضلع مستونگ میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والی کالعدم تنظیم کے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا اور قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا ۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں مزید دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے ۔ دوسری جانب مستونگ میں ہی شرپسند عناصر نے جوڈیشل مجسٹریٹ سے گاڑی چھین لی اور فرار ہو گئے ،بلوچستان پولیس نے چھینی گئی گاڑی اورحملہ آوروں کی تلاش کیلئے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے ۔