لاہور سمیت کئی علاقوں میں بارش،ژالہ باری ، بجلی سپلائی متاثر

لاہور سمیت کئی علاقوں میں بارش،ژالہ باری ، بجلی سپلائی متاثر

لیسکو کے 80 سے زائدفیڈرز ٹرپ، مری میں لینڈ سلائیڈنگ، الرٹ جاری ندی نالوں میں طغیانی، پختونخوا میں سیلاب کا خدشہ، آج بھی بارش کا امکان

لاہور، مری، اسلام آباد، پشاور (اپنے کامرس رپورٹر سے ،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)ملک میں بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہونے کے بعد لاہور، اسلام آباد سمیت کئی علاقوں میں منگل کے روز تیز بارش اوربعض مقامات پر ژالہ باری ہوئی ، خیبر پختونخوا میں سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جبکہ آج بھی کئی علاقوں میں مزید بارش کی پیشگوئی ہے ،مری اور گردونواح میں آٹھ روز سے جاری طوفانی بارشوں کے باعث مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، کشمیر اور شمالی و وسطی بلوچستان میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، پنجاب میں سب سے زیادہ بارش اٹک میں 61 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ،لاہور میں وقفے وقفے سے بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور نظام زندگی متاثر رہا جبکہ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے 80 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرنے سے متعدد علاقوں میں گھنٹوں بجلی معطل رہی جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

لیسکو ریجن میں بجلی کی طلب 2440 میگاواٹ، فراہمی 2134 جبکہ کوٹہ 2030 میگاواٹ ریکارڈ کیاگیا ۔دوسری جانب خیبر پختونخوا میں بھی بجلی کا نظام متاثر ہوا اور پشاور، مردان، صوابی ، سوات سمیت دیگر علاقوں میں کئی فیڈرز ٹرپ کر گئے اور بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی۔ علاوہ ازیں موسلا دھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ، نشیبی علاقے زیر آب آگئے ۔مری ضلعی انتظامیہ نے ہائی رسک الرٹ جاری کر دیا اور بعض علاقوں کیلئے ٹریول ایڈوائزری بھی جاری کر دی۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ کل 9 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے ، اس دوران کشمیر، پختونخوا اور گلیات کے ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ ژالہ باری سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کا بھی اندیشہ ہے ۔پی ڈی ایم اے کے مطابق حالیہ بارشوں کے دوران خیبر پختونخوا میں اب تک درجنوں افراد جاں بحق ، متعدد زخمی ہو چکے جبکہ سینکڑوں گھروں کو نقصان پہنچا ہے ۔ ادھر کوہاٹ ڈویژن میں موسلا دھار بارشوں نے غیر معمولی طور پر سردی کی شدت میں اضافہ کر دیاجبکہ قبائلی ضلع کرم کے صدر مقام پاراچنار سے ملحقہ پہاڑی سلسلہ کوہ سفید اور وسطی کرم کے علاقے پاڑہ چمکنی میں حیران کن طور پر برفباری شروع ہو گئی جسے مقامی افراد اپریل میں برفباری کا نیا ریکارڈ قرار دے رہے ہیں۔ چنیوٹ میں چھت گرنے سے ماں جاں بحق اورکمسن بیٹی شدید زخمی ہوگئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں