ہتکِ عزت قانون:ہائیکورٹ میں سماعت، دلائل مکمل کرنے کی ہدایت
لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب میں ہتکِ عزت کے قانون کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
عدالت نے پنجاب حکومت کے وکیل کو آئندہ سماعت پر دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت دو روز کے لیے ملتوی کر دی۔جسٹس انوار حسین نے ارشد انصاری سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل انس غازی پیش ہوئے ۔ درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے مؤقف اختیار کیا کہ ہتکِ عزت کا قانون وفاق کا معاملہ ہے اور صوبہ اسے نہیں بنا سکتا۔عدالت نے استفسار کیا کہ اگر پنجاب سے باہر بیٹھ کر سوشل میڈیا کے ذریعے ہتکِ عزت کی جائے تو یہ قانون اس پر کیسے لاگو ہوگا۔پنجاب حکومت کے وکیل نے کہا کہ صوبائی حکومت کو یہ قانون بنانے کا اختیار حاصل ہے اور اس قانون کا مقصد پرانے قانون میں موجود خامیوں کو دور کرنا ہے ۔عدالت نے مزید سوال کیا کہ پہلے والے قانون میں کیا مسائل تھے جن کی وجہ سے نیا ہتکِ عزت قانون لانا ضروری سمجھا گیا۔