سانحہ گیاری کے شہدا کی 14ویں برسی، خراجِ عقیدت پیش
7اپریل 2012کو برفانی تودے میں دب کر 129افسر، جوان شہید ہوئے قوم کا شہدائے گیاری سیکٹر کی قربانیوں کو سلام، دفاع وطن کیلئے ہر قربانی کا عزم
اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر) سیاچن کے محاذ پر المناک سانحہ گیاری سیکٹر کے شہدا کی 14ویں برسی منگل کو عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی، پوری قوم نے وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔سیاچن کے محاذ پر 7 اپریل 2012 کو بڑے برفانی تودے نے گیاری سیکٹر میں پاکستان آرمی کے بٹالین ہیڈ کوارٹرز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس میں موجود 129 افسر اور جوان وطن عزیز کی حفاظت کرتے ہوئے شہید ہوئے ۔ پاکستان آرمی کے افسروں اور جوانوں نے انتہائی نامساعد حالات کے باوجود مسلسل محنت اور جرات سے مشکل ترین ریسکیو آپریشن مکمل کیا۔سیاچن کے محاذ پر یادگارِ شہدا بھی تعمیر کی گئی۔ پوری قوم شہدائے گیاری سیکٹر کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش اور اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ وطن کی سلامتی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔