کفایت شعاری:محکمہ جیل کا پٹرول میں 50 فیصد کٹوتی کا فیصلہ
لاہور (کرائم رپورٹر) حکومت پنجاب کی جاری کفایت شعاری مہم کے تحت محکمہ جیل خانہ جات نے بھی پٹرول اخراجات میں نمایاں کمی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر کی ہدایت پر ڈی آئی جیز، سپرنٹنڈنٹس اور دفتری عملے کے پٹرول میں 50 فیصد کٹوتی کر دی گئی ۔ جیل ذرائع کے مطابق ڈی آئی جیز اور سپرنٹنڈنٹس کی سرکاری گاڑیوں کیلئے مختص پٹرول کو 200 لٹر سے کم کر کے 100 لٹر کر دیا گیا ہے ۔آئی جی جیل خانہ جات نے اپنی گاڑی کے پٹرول میں بھی 50 فیصد کمی کر کے مثال قائم کی جبکہ دفتری سٹاف کے پٹرول کو بھی نصف کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ آئی جی جیل خانہ جات نے ڈی آئی جیز ریجنز کو غیر ضروری دوروں سے بھی روک دیا تاکہ حکومتی اخراجات میں مزید کمی لائی جا سکے ۔اس حوالے سے میاں فاروق نذیر نے کہا ہے کہ حکومت کی کفایت شعاری مہم کے تحت پٹرول کی حد میں کمی کی گئی اور جب تک مہم جاری رہے گی پٹرول میں کمی برقرار رکھی جائے گی۔