آئین کا اسلامی تشخص مذہبی جماعتوں کا مرہون منت،فضل الرحمن
دو تہائی اکثریت کے باوجود ذوالفقارعلی بھٹو نے قومی اتفاق رائے کو ترجیح دی:پیغام
اسلام آباد(دنیا نیوز)سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ آئین کا اسلامی تشخص مذہبی جماعتوں کی دوراندیش قیادت کا مرہون منت ہے ۔وفاقی دارالحکومت میں 1973کے متفقہ آئین منظور ہونے کے دن کے حوالے سے اہم پیغام دیتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آج کے دن 1973 کا آئین متفقہ طور پر منظور ہوا، پاکستان باقاعدہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کہلایا، آج کا دن قومی وحدت کی علامت ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ دو تہائی اکثریت کے باوجود ذوالفقارعلی بھٹو نے قومی اتفاق رائے کو ترجیح دی، 1973 کا آئین حقیقی معنوں میں میثاقِ ملی ہے ، آئین کے معماروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، مفکر اسلام مفتی محمود اور اپوزیشن قائدین کا کردار قابل فخر ہے ۔سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ چاروں صوبوں کے حقوق کا تحفظ آئین کی بنیاد ہے ، آئین کو ماضی میں آمرانہ قوتوں نے نقصان پہنچایا،سیاسی کارکنوں اور عوام نے آئین کے دفاع کے لئے قربانیاں دیں،دعا ہے پاکستان ترقی، خوشحالی اور استحکام حاصل کرے ۔