لاہور تا پتوکی فری بس سروس کا باقاعدہ افتتاح
پتوکی(تحصیل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کے عوامی سہولت وژن کے تحت لاہور اور قصور کے درمیان جدید سفری سہولیات سے آراستہ فری بس سروس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔
افتتاحی تقریب میں ممبر قومی اسمبلی سعد وسیم شیخ، ایم پی اے وچیئرمین وزیراعلیٰ ضلعی مانیٹرنگ کمیٹی حاجی محمد نعیم صفدر انصاری، ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا، ڈی آئی او قصور نادر علی اور سیکرٹری آر ٹی اے حافظ عثمان سمیت دیگر اعلیٰ افسروں نے شرکت کی۔ فیتہ کاٹ کر سروس کا آغاز ،بسوں کے معائنے کے ساتھ فراہم کردہ سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیاگیا۔ ڈی سی قصور نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 35 بسیں چلائی جا رہی ہیں۔ لاہور تا قصور روٹ پر 20 بسیں گجومتہ سے روہی نالہ تک چلیں گی جبکہ پتوکی سے ٹھوکر نیاز بیگ تک کے مسافروں کیلئے 15 بسیں مختص کی گئی ہیں۔ایم این اے سعد وسیم شیخ نے کہا کہ لاہور تا قصور فری بس سروس کا آغاز ضلع قصور کے عوام کیلئے ایک انقلابی قدم ہے ۔