گڈز ٹرانسپورٹرز کا ازخود کرایوں میں 40فیصد کمی کا اعلان

 گڈز ٹرانسپورٹرز کا ازخود کرایوں میں 40فیصد کمی کا اعلان

منی مزدا گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے 25فیصد کم، محکمہ ٹرانسپورٹ کا آج اجلاس

لاہور،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر سے ،دنیا نیوز) ڈیزل و پٹرول سستا ہونے کے بعدگڈز ٹرانسپورٹرز نے ازخود گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 40فیصد،منی مزدا گڈز کے کرایوں میں 25 فیصد کمی کر دی تاہم محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کی طرف سے باضابطہ کرایوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری نہ کیا جا سکا۔ کرایوں میں کمی کے حوالے سے صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نبیل طارق محمود نے 40 فیصد کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 11اپریل سے کرایوں میں چالیس فیصد کمی کے ساتھ کرایہ وصول کیا جائے گا ،منی مزدا گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کی طرف سے 25 فیصد کرایوں میں کمی کی گئی ہے ، پنجاب میں کرایوں میں کمی کا اطلاق آج سے ہوگا۔دوسری طرف کرایوں میں مزید کمی کے حوالے سے محکمہ ٹرانسپورٹ نے پبلک و گڈز ٹرانسپورٹرز کو مذاکرات کے لیے آج بلا لیا ہے ،کرایوں میں 12 سے 15 فیصد کمی کی تجویز زیر غور ہے ۔ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور دیگر سٹیک ہولڈرز اجلاس میں شریک ہوں گے ، کرایہ نامہ کم کرنے کے لیے مشاورت کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں