وساکھی میلہ: 2840بھارتی سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے
لاہور، ننکانہ صاحب (خبر نگار)متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر انتظام وساکھی میلہ اور 327ویں خالصہ جنم دن کی تقریباتمیں شرکت کیلئے بھارت سے 2840سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے ۔
واہگہ چیک پوسٹ پر پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان اور صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے سکھ یاتریوں کا استقبال کیا۔ حکومت پنجاب کی جانب سے یاتریوں کیلئے لنگر، ٹرانسپورٹ، طبی سہولیات اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے ، بھارتی یاتری پاکستان میں 10 روز قیام کریں گے اوراس دوران ننکانہ صاحب، پنجہ صاحب سمیت دیگر مقدس مقامات کی زیارت کریں گے ۔سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے وساکھی میلے کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بابا گورو نانک دیو جی کی مقدس دھرتی ہے اور یہاں ہر مذہب کے ماننے والوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے ، پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی کے باوجود 2800 سے زائد سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کئے گئے جو پاکستان کے امن اور رواداری کے عزم کا مظہر ہے ۔
بھارتی حکومت کرتارپور کوریڈور کو مکمل طور پر کھولے ۔بھارت سے آ ئے شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے جتھہ لیڈر سردار سر جیت سنگھ کہا کہ پاکستان میں سکھ یاتریوں کو عزت و احترام دیا جاتا ہے ،پاکستان حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ بعد ازاں گورودوارہ جنم استھان پہنچنے پر یاتریوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔یاتری دو روز ننکانہ صاحب قیام کرنے کے بعد گورودوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال روانہ ہوں گے جہاں وساکھی میلہ کی مرکزی تقریب 14 اپریل کو منعقد ہوگی۔ادھر ننکانہ صاحب میں وساکھی میلے کی تقریبات کا آغاز اکھنڈ پاٹ کی رسم سے ہو گیا۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ تسلیم اختر راؤ نے گورودوارہ جنم استھان کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عارضی ہسپتال، لنگر خانوں، رہائشی علاقوں اور صفائی کے انتظامات کا معائنہ بھی کیا۔