وزیراعظم کی صدر کو امریکا، ایران مذاکرات پر بریفنگ

 وزیراعظم کی صدر کو امریکا، ایران مذاکرات پر بریفنگ

پاکستان نے پھر دنیا پر اپنی امن پسند ساکھ ثابت کر دی :صدرزرداری عوامی خدمت کے ایجنڈا کو مزید تیزی سے آگے بڑھا ئیں:شہباز شریف

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،نامہ نگار،اے پی پی)  صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایوانِ صدر میں وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کی ، اس موقع پر وزیراعظم نے ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے مختلف مراحل اور پاکستان کی ثالثی کے ذریعے ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی اور صدرمملکت کو مذاکرات کے تمام پہلوؤں پر اعتماد میں لیا۔ صدر مملکت نے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کے حوالے سے پاکستان کی انتھک کوششوں کو سراہا۔ملاقات میں نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر سینیٹر رانا ثناء اللہ نے بھی شرکت کی جبکہ صدر مملکت کی معاونت سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سینیٹ میں پی پی پی کی پارلیمانی لیڈر سینیٹر شیری ر حمن اور سابق چیئرمین سینیٹ نیئر بخاری نے کی۔صدر مملکت نے خطے کی موجودہ سکیورٹی اور سفارتی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس صورتحال کے اثرات نہ صرف خطے بلکہ مجموعی طور پر عالمی سکیورٹی، معیشت اور سیاست پر مرتب ہوں گے ۔

وزیر اعظم نے صدر مملکت کو امن کی کوششوں کو آگے بڑھانے کیلئے اپنے آئندہ دورہ سعودی عرب اور ترکیہ کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔صدر زرداری نے سفارتی اقدام کو کامیاب بنانے کیلئے وزیراعظم، نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ، چیف آف ڈیفنس فورسز اور تمام ریاستی اداروں کی انتھک کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کے درمیان مثالی ہم آہنگی اس اعلیٰ سطح رابطے کو ممکن بنانے میں کلیدی ثابت ہوئی۔صدر مملکت نے عالمی امن اور علاقائی استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تاریخی کردار کو سراہا اورکہا کہ ان تاریخ ساز مذاکرات کیلئے پلیٹ فارم مہیا کر کے پاکستان نے عالمی برادری میں ایک ذمہ دار اور کلیدی ریاست کے طور پر اپنی پوزیشن کی توثیق کی اور ایک بار پھر دنیا پر اپنی امن پسند ساکھ ثابت کر دی ہے ۔صدر زرداری نے کہا کہ وزیراعظم اور نائب وزیراعظم کو امریکا اور ایران کے ساتھ ساتھ بڑی علاقائی و عالمی طاقتوں کے ساتھ فعال طور پر رابطے میں رہنا چاہیے تاکہ امن کے عمل کے تسلسل اور علاقائی ہم آہنگی کو یقینی بنایا جا سکے ۔

دوسری طرف وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیراعظم آفس میں مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ،وفاقی وزیر امورِ کشمیر و گلگت بلتستان و صدر مسلم لیگ (ن)خیبر پختونخوا امیر مقام، گورنر سندھ نہال ہاشمی نے گزشتہ روز ملاقات کی ۔ وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق دونوں وزرا ء اور گورنر سندھ سے الگ الگ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، حکومتی اموراور سیاسی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، وزرا اورگورنر سندھ نے خلیج بحران کے حل کیلئے وزیراعظم کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا،نہال ہاشمی نے وزیراعظم کو سندھ کے امور سے متعلق بھی آگاہ کیا۔اس موقع پر گفتگو میں وزیراعظم شہباز شریف نے عوامی خدمت کے ایجنڈے کو مزید تیزی سے آگے بڑھانے اور عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور ملک کی معاشی ترقی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔ دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف گزشتہ روز وزیر مملکت عبد الرحمٰن کانجو کی رہائش گاہ پر گئے اور انہوں نے وہاں وزیر مملکت کی والدہ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اورمرحومہ کیلئے دعائے مغفرت اور اہل خانہ کیلئے صبر و استقامت کی دعا کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں