کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کیلئے ہر وقت تیار:نیول چیف
پاک فضائیہ مضبوط ، بحریہ دفاع میں اہم کردار ادا کر رہی :ایڈمرل نوید اشرف پاکستان کی کوششوں سے مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی ہوئی :تقریب سے خطاب
اسلام آباد،رسالپور (خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز)چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس ایک مضبوط فورس ہے ، پاک بحریہ ملک کی بحری سرحدوں کے دفاع میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہر وقت تیار ہے ، پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی کوششوں سے مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی ممکن ہوئی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی اے ایف اکیڈمی رسالپور میں جی ڈی پی 152 اینڈ الائیڈ کورسز کی گریجویشن پریڈ کی پروقار تقریب میں فارغ التحصیل کیڈٹس سے خطاب میں کیا،تقریب میں چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف مہمانِ خصوصی تھے جبکہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اوردیگر اعلیٰ عسکری قیادت بھی موجود تھی۔ مہمانِ خصوصی نے پریڈ کا معائنہ کیا اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس کو اعزازات سے نوازا۔
نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے فارغ التحصیل افسر وں کو مبارکباد دی اور کہا کہ وہ مستقبل کے چیلنجز کے لیے بروقت ردعمل کے ذریعے خود کو تیار رکھیں، گزشتہ سال مئی میں معرکہ حق کے دوران ایئر فورس نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا جبکہ سائبر اور الیکٹرانک وار فیئر میں بھی اپنی مہارت کا لوہا منوایا۔نیول چیف نے مزید کہا کہ پاک بحریہ، دیگر مسلح افواج کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ذریعے اپنی آپریشنل صلاحیتوں کو مزید بہتر بنا رہی ہے اور جدید پلیٹ فارمز کی شمولیت کے ذریعے قومی بحری مفادات کے تحفظ اور کسی بھی جارحیت کا موثر مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے تنازعے اور آبنائے ہرمز کی بندش سے عالمی سطح پر تیل کی سپلائی متاثر ہوئی جبکہ قوم کی حمایت سے افواج پاکستان دہشت گردی کا کامیابی سے مقابلہ کر رہی ہیں۔ تقریب کا اختتام پاک فضائیہ کے جدید لڑاکا طیاروں کے شاندار فلائی پاسٹ سے ہوا ،پاک بحریہ کے سربراہ نے تقریب میں شرکت پر ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا شکریہ بھی ادا کیا۔