سعودی عرب کا پاکستان کیلئے 3 ارب ڈالر اصافی معاونت کا اعلان، 5 ارب ڈالر ڈیپازٹ میں توسیع

سعودی عرب کا پاکستان کیلئے 3 ارب ڈالر اصافی معاونت کا اعلان، 5 ارب ڈالر ڈیپازٹ میں توسیع

آئندہ ہفتے ادائیگی متوقع،زرمبادلہ ذخائرآئی ایم ایف پروگرام کے تقاضوں کے مطابق برقرار رکھیں گے :محمد اورنگزیب یواے ای کوکل 2اور23اپریل کو 1ارب ڈالرادا کرنے کا پلان ، جون تک ذخائر 18ارب ڈالرز تک بڑھاناہدف مقرر

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک ،اے پی پی)متحدہ عرب امارات کو رواں ماہ بڑی ادائیگیوں کے بعد مالیاتی استحکام بارے اہم پیشرفت ہوئی ہے ،سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کیلئے 3 ارب ڈالر اضافی معاونت اور 5 ارب ڈالر کے ڈیپازٹ میں توسیع کا اعلان کیا گیا ہے ۔وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کیلئے مزید 3 ارب ڈالر کے اضافی ڈیپازٹس کی ادائیگی آئندہ ہفتے متوقع ہے ، سعودی عرب کا موجودہ 5 ارب ڈالر کا ڈیپازٹ اب پہلے کی طرح سالانہ رول اوور کا محتاج نہیں رہے گا بلکہ اسے طویل مدت کیلئے توسیع دے دی جائے گی۔

محمد اورنگزیب نے گزشتہ روز واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سعودی عرب کی یہ معاونت پاکستان کی بیرونی مالی ضروریات کیلئے ایک نہایت اہم وقت پر فراہم کی جا رہی ہے اور اس سے ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر مضبوط ہوں گے اور بیرونی کھاتہ مستحکم ہوگا۔ وزیرخزانہ نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ذخائر کو مارکیٹ کی ذمہ داریوں اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے پروگرام کے تقاضوں کے مطابق برقرار رکھا جائے گا جس میں مالی سال کے اختتام تک تقریباً 18 ارب ڈالر کے ذخائر حاصل کرنے کا ہدف شامل ہے جو لگ بھگ 3اعشاریہ 3 ماہ کی درآمدات کے برابر ہوں گے ۔

واشنگٹن میں اپنی ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے سینیٹر محمد اورنگزیب نے بتایا کہ انہوں نے گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان اور امریکا میں پاکستان کے سفیر کے ہمراہ سعودی وزیر خزانہ محمد بن عبداﷲ الجدان سے تفصیلی ملاقات کی۔ وزیرخزانہ نے یاد دلایا کہ گزشتہ جمعہ کو اسلام آباد میں بھی ان کی سعودی وزیر خزانہ سے ملاقات ہوئی تھی ۔ دوسری طرف یو اے ای کو 3 ارب ڈالرز واپس کرنے کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ،سٹیٹ بینک کے ذخائر جون تک 18ارب ڈالرز تک بڑھانے کی حکمت عملی بھی تیارکرلی ۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق یو اے ای کو2ارب ڈالرز کل 17 اپریل کو ادا کئے جانے کا امکان ہے ، باقی ماندہ ایک ارب ڈالرز23 اپریل کو ادا کرنے کا پلان ہے ۔ پاکستان نے یو اے ای کو 45 کروڑ ڈالرز کا 30 سالہ پرانا قرضہ واپس کردیا ہے ، سعودی عرب کے 3 ارب ڈالرز اضافی مالی سہولت سے خلا پر ہو جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف سے اگلی قسط میں ایک ارب21کروڑڈالرزاگلے ماہ ملنے کا امکان ہے ،آئی ایم ایف اورپاکستان کے درمیان سٹاف سطح کا معاہدہ ہوچکا ہے ،آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈکی منظوری کے بعد پاکستان کو رقم مل جائے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں