لاہور:بارشی پانی کیلئے انڈرگرائونڈسٹوریج نیٹ ورک قائم

لاہور:بارشی پانی کیلئے انڈرگرائونڈسٹوریج نیٹ ورک قائم

18 سٹوریج ٹینکس میں سے 13 فعال ، 25 ملین گیلن پانی ذخیرہ کی صلاحیت منصوبہ وزیر اعلیٰ کے شہری ترقی کے وژن کے مطابق :سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب

لاہور(سٹاف رپورٹر سے )شہری سیلاب کے بار بار پیدا ہونے والے مسئلے سے نمٹنے کے لیے حکومتِ پنجاب نے لاہور بھر میں 18 میگا انڈرگراؤنڈ اسٹوریج ٹینکس (UGSTs) پر مشتمل ایک وسیع نیٹ ورک قائم کیا ہے ، جن میں سے 13 پہلے ہی فعال ہو چکے ہیں جوبارش کے پانی کے مو ثر انتظام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق فعال UGSTs مجموعی طور پر تقریباً 25 ملین گیلن پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جس سے مون سون کے دوران زیادہ بارش کے پانی کو جذب کرنے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔ باقی ٹینکس کی تکمیل کے بعد مزید 8 ملین گیلن گنجائش شامل ہو جائے گی۔ اس نظام کو مختلف صلاحیتوں کے پمپنگ مشینری سے بھی لیس کیا گیا ہے ، جس سے شدید بارش کے دوران پانی کی نکاسی تیز اور مو ثر ہو گئی ہے۔

حکام کے مطابق یہ منصوبہ لاہور کے بڑے واٹر لاگنگ پوائنٹس کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔ ان علاقوں میں لارنس روڈ، شیرانوالہ گیٹ، الحمرا آرٹس کونسل (مال روڈ)، قذافی سٹیڈیم، علامہ اقبال ٹاؤن، عابد مارکیٹ، علی بلاک (گارڈن ٹاؤن)، ٹکا چوک (جوہر ٹاؤن)، شریف پارک (شاہ جمال)، کریم پارک (راوی روڈ)، لاہور ریلوے سٹیشن، کوپر روڈ، تاجپورہ، اسلام پورہ، چوبرجی چوک، برکت مارکیٹ اور یو ای ٹی لاہور کے قریب جی ٹی روڈ شامل ہیں۔سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نور الامین مینگل نے کہا کہ یہ منصوبہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے شہری ترقی کے وژن کے مطابق ہے ، جس میں بنیادی سہولیات اور سروس ڈلیوری کو بہتر بنانا شامل ہے ۔ حکام کے مطابق آئندہ مرحلے میں زیرِ زمین پانی کی سطح کو بہتر بنانے اور طویل مدتی پائیداری کو یقینی بنانے کے لیے گراؤنڈ واٹر ریچارج سسٹمز بھی متعارف کروائے جائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں