دنیا عالمی جنگ کی متحمل نہیں ہوسکتی
اسلام آباد( سٹاف رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دنیا کسی تیسری عالمی جنگ یا معاشی کساد بازاری کی متحمل نہیں ہو سکتی، ایران اور امریکا کی کشیدگی کا خاتمہ مذاکرات اور سفارت کاری سے ہی ممکن ہے۔
سی این این کو انٹرویو اور تازہ ویڈیو پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے عالمی قیادت پر زور دیا کہ وہ جنگ کے بجائے امن کی راہ ہموار کریں۔ ان کا کہنا تھا ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کی کامیابی خطے اور دنیا کے استحکام کیلئے ضروری ہے ۔مشرقِ وسطیٰ میں کسی بھی قسم کی جنگ سے عالمی معیشت پر تباہ کن اثرات مرتب ہو رہے ہیں، جس کا خمیازہ ترقی پذیر ممالک کو بھگتنا پڑ رہا ہے ۔چیئرمین پی پی پی نے اعتراف کیا کہ عالمی حالات کی وجہ سے پیدا ہونے والی مہنگائی کا براہِ راست بوجھ پاکستانی عوام اٹھا رہے ہیں۔ وفاقی حکومت نے اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے 50 فیصد سبسڈی فراہم کی اور ہم نے تمام صوبوں سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ اپنے وسائل سے عوام کو مزید ریلیف فراہم کریں۔بلاول بھٹو نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیپلز پارٹی مشکل معاشی حالات میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ریلیف کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہے گا۔