کل تاجروں کے مسائل سنیں گے

کل تاجروں کے مسائل سنیں گے

کراچی(رپورٹ محمد حمزہ گیلانی) وفاقی حکومت نے ملک کے سب سے بڑے معاشی مرکز کراچی میں بزنس کمیونٹی کو درپیش دیرینہ مسائل کے حل کیلئے دو روزہ خصوصی ایکشن پلان جاری کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کے اہم دورے کا اعلان کردیا۔۔۔

 سرکاری معلومات کے مطابق وزیر مملکت کل کراچی پہنچیں گے جہاں وہ دو روز تک تاجر برادری، صنعتی نمائندوں اور اہم کاروباری اداروں کے ساتھ تفصیلی مشاورت کریں گے ۔ دورے کے دوران بلال اظہر کیانی فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری، پاکستان بزنس کونسل، اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اورکراچی چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے وفود سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کریں گے ،جن میں ملک کی مجموعی کاروباری فضا، سرمایہ کاری میں رکاوٹوں اور ٹیکس نظام سے متعلق تحفظات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وفاقی شیڈول کے مطابق اتوار کے روز ایف بی آر ہاؤس کراچی میں ایک اہم اجلاس بھی منعقد ہوگا، جس میں وزیر مملکت، فیڈرل بورڈ آف ریونیو حکام اور تاجر تنظیموں کے نمائندے شریک ہوں گے ۔ اجلاس میں بالخصوص تاجر دوست اسکیم پر عملدرآمد میں درپیش مسائل، سیلز ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگی میں تاخیر اور ٹیکس نظام کو آسان بنانے سے متعلق تجاویز زیر غور آئیں گی۔ تاجر برادری کی جانب سے کراچی کے بنیادی انفرااسٹرکچر، بجلی و گیس کی غیر یقینی فراہمی اور وفاقی ترقیاتی منصوبوں میں سست روی جیسے اہم امور کو بھی ایجنڈے میں شامل کیا گیا ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کاروباری نمائندے آئندہ مالی سال کے بجٹ کیلئے اپنی تجاویز بھی پیش کریں گے ، جن میں ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے ، شرح ٹیکس میں توازن اور صنعتی شعبے کیلئے مراعات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ چیمبرز کے نمائندگان کے مطابق یہ دورہ کراچی کی کاروباری برادری کیلئے نہایت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس میں براہ راست پالیسی سازوں کو زمینی حقائق سے آگاہ کیا جائے گا۔ وزیر مملکت کی جانب سے کراچی انفرااسٹرکچر اور وفاقی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے ساتھ برآمدات بڑھانے کے ممکنہ حل پر بھی گفتگو متوقع ہے ۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اس دورے کے دوران بزنس کمیونٹی کے تحفظات کاعملی حل نکالا گیا تو اس سے نہ صرف سرمایہ کاری کے ماحول میں بہتری آئے گی بلکہ ملکی معیشت کو بھی استحکام مل سکتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں