امریکا،ایران مذاکرات میں 6بار گرما گرمی ہوئی:ایازصادق
معاملہ ٹھنڈا کرنے کیلئے میٹنگ روکی،فیلڈ مارشل ،اسحاق ڈار فریقین کو بٹھا لیتے ہم ایک ہی وقت میں روس ، چین ، امریکا ، ایران سے دوستی رکھتے ہیں:خطاب
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کا ایک صفحے پر ہونا ہی ملکی مضبوطی کی اصل بنیاد ہے ، جس کی بدولت آج پاکستان عالمی سطح پر ایک باوقار ملک کے طور پر ابھرا ہے ،امریکا اور ایران کی اسلام آبادمیں بات چیت کے دوران 6 بار گرما گرمی ہوئی،کئی بار ایسا ہوا معاملہ ٹھنڈا کرنے کیلئے میٹنگ روکنا پڑی،فیلڈ مارشل اور اسحاق ڈار فریقین کو پھر بٹھا لیتے تھے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک ہی وقت میں روس ، چین ، امریکا ، ایران سے دوستی رکھتے ہیں،بھارت سے ہماری دوستی نہیں ،اسرائیل پر کراس لگا دیں ،پاکستان نے اپنے سے کئی گنابڑی طاقت کو شکست دی ، پاکستان کی حالیہ کامیابی دنیا کی تاریخ میں تیسری عالمی جنگ روکنے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معاہدہ نہیں ہوا اور دونوں ممالک کے وفود چلے گئے ،خدشہ تھا اگر ایران اور امریکا کے جہاز پر کوئی شرارت ہو گئی تو سب چکنا چور ہوجائے گا ،پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو پوری دنیا نے سراہا ۔انہوں نے کہا کہ ہم کہتے ہیں پاکستان کی بات کرو وہ کہتے ہیں لیڈر کی آنکھ کا آپریشن کروادو،جتنی آسائشیں ان کو مل رہی ہیں آج تک کسی قیدی کو نہیں ملیں، ہماری بھی لڑائی ہوئی لیکن کبھی اداروں اور ملک کو نقصان نہیں پہنچایا، ہم ہمیشہ پاکستان کی بات کرتے ہیں۔