پبلک و پرائیویٹ سیکٹر میں مؤثر اشتراک ناگزیر،سیف الرحمان
توانائی، معدنیات اور ٹرانسپورٹ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجودہیں
لاہور(اے پی پی)وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمان نے کہا ہے کہ ترقی پذیر ممالک بالخصوص پاکستان میں معاشی ترقی کے حقیقی امکانات کو بروئے کار لانے کیلئے پبلک وپرائیویٹ سیکٹر کے درمیان مؤثر اشتراک ناگزیر ہے ۔ریاستی سطح پر انفرااسٹرکچر کی ترقی اور نجی شعبے کی کارکردگی و جدت کو یکجا کر کے تیز رفتار اور پائیدار معاشی نمو حاصل کی جا سکتی ہے ۔اتوار کو یہاں پبلک پرائیویٹ سیکٹر انویسٹمنٹ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب انفرااسٹرکچر اور قدرتی وسائل میں حکومتی سرمایہ کاری نجی سرمایہ کے ساتھ ہم آہنگ ہوتی ہے تو اس کے دور رس معاشی فوائد سامنے آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ توانائی ، معدنیات، ٹرانسپورٹ اور آبی وسائل جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں،تاہم ان سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے شفاف ریگولیٹری نظام اور پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے ۔